انڈونیشیا کے شمالی علاقے میں بزرگ شہریوں کے نرسنگ ہوم میں آگ لگنے سے کم از کم 16 افراد ہلاک جبکہ تین زخمی ہو گئے ہیں۔ مقامی حکام کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی شب صوبہ شمالی سولاویسی کے دارالحکومت منادو میں واقع ’دمائی ریٹائرمنٹ ہوم‘ میں پیش آیا۔
فائر بریگیڈ کو مقامی وقت کے مطابق رات آٹھ بج کر 30 منٹ پر آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ شہر کے فائر اینڈ ریسکیو ایجنسی کے سربراہ جمی روٹنسولو نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ زیادہ تر متاثرین اپنے کمروں میں پائے گئے جو غالباً بزرگ رہائشی تھے اور شام کے وقت آرام کر رہے تھے جب آگ بھڑک اٹھی۔
پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ آگ کو تقریباً ایک گھنٹے بعد رات نو بج کر 30 منٹ پر بجھا دیا گیا۔
مقامی حکام کے مطابق پولیس ہلاک ہو جانے والے افراد کی شناخت کی کوشش کر رہی ہے اور لواحقین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ہسپتال سے رابطہ کریں جہاں لاشیں منتقل کی گئی ہیں۔
ایک مقامی عہدیدار نے آن لائن نیوز پورٹل ’ڈیٹک کوم‘ کو بتایا کہ ’کئی لاشیں اس قدر جلی ہوئی حالت میں ہیں کہ انھیں پہچاننا ممکن نہیں۔‘
Share this content:


