حماس کے عسکری ونگ کے ترجمان اسرائیلی حملے میں ہلاک

حماس کے عسکری ونگ، القسام بریگیڈز کے نئے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ اس تنظیم کے سابق ترجمان ابو عبیدہ ہلاک ہو گئے ہیں۔

نئے ترجمان، جنھوں نے بھی اپنی کنیت ’ابو عبیدہ‘ رکھی ہے، نے بتایا کہ سابق ترجمان کا اصل نام حذیفہ الکحلوت (ابو ابراہیم) تھا۔

اسرائیل کے وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے 31 اگست 2025 کو اعلان کیا تھا کہ غزہ میں القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ’غزہ میں حماس کے ترجمان ابو عبیدہ کو مار دیا گیا ہے۔‘

اسرائیلی فوج کے سربراہ ایال زامیر نے اس وقت کہا تھا کہ حماس کے بیرونِ ملک رہنماؤں کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔ ان کے مطابق ’ہم نے کل حماس کے ایک بڑے رہنما ابو عبیدہ کو نشانہ بنایا۔ ہماری کارروائیاں ختم نہیں ہوئیں، باقی رہنما زیادہ تر بیرونِ ملک ہیں اور ہم ان تک بھی پہنچیں گے۔‘

نئے ترجمان نے مزید کہا کہ حماس کے کئی عسکری کمانڈر بھی مارے گئے ہیں، جن میں محمد السنوار (چیف آف سٹاف)، محمد شبانہ (کمانڈر رفح بریگیڈ)، حکم العیسیٰ (ذمہ دار تربیت و اسلحہ)، رائد سعد (ذمہ دار پیداوار اور کمانڈر غزہ بریگیڈ) اور ابو عبیدہ (سابق ترجمان و میڈیا انچارج) شامل ہیں۔

انھوں نے اعلان کیا کہ القسام بریگیڈز اپنا اسلحہ نہیں چھوڑے گی اور مطالبہ کیا کہ ’قبضے‘ کا ہتھیار چھینا جائے، نہ کہ فلسطینیوں کے ہلکے ہتھیار۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ثالثوں اور عالمی برادری کو اسرائیل کو پابند کرنا چاہیے کہ وہ جنگ بندی کے معاہدے کی تمام شقوں پر عمل کرے۔

فلسطین کی عسکریت پسند تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ترجمان اسرائیل غزہ جنگ کے دوران نمایاں شخصیات میں سے ایک تھے۔ ان کا نام ابو عبیدہ تھا اور انھیں حماس کی میڈیا مشین کے لقب سے بھی جانا جاتا تھا۔ وہ اکثر سوشل میڈیا پر تنظیم کے پیغامات کو آن لائن پھیلاتے ہوئے نظر آتے تھے۔

Share this content: