ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے خبردار کیا ہے کہ ان کی افواج ملک پر ہونے والے کسی بھی حملے کا ’فوری اور طاقتور‘ جواب دینے کو تیار ہیں۔
بدھ کی رات سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ایران کی فوج ’اپنی انگلیاں ٹریگر پر رکھے ہوئے اپنی سرزمین، فضا اور بحری حدود کے خلاف کسی بھی جارحیت کا فوری اور طاقتور جواب دینے کو تیار ہیں۔‘
عباس عراقچی کا بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کچھ دیر قبل سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر دعویٰ یہ کیا تھا کہ ایک بڑا بحری بیڑہ ایران کی طرف بڑھ رہا ہے، جس کی قیادت ایئرکرافٹ کیریئر ابراہم لنکن کر رہا ہے۔
صدر ٹرمپ کے مطابق ’یہ بیڑہ تیار، پُرعزم اور اپنا مشن تیزی سے مکمل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اگر ضرورت پڑی تو اس دوران طاقت کا استعمال بھی کیا جا سکتا ہے۔‘
تاہم اپنے بیان میں ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے یہ بھی کہا ہے کہ ان کے ملک نے ہمیشہ ’باہمی فائدے اور شفاف نیوکلیئر معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے‘ جو کہ کسی بھی قسم کی ’دھمکیوں‘ سے پاک ہو۔
انھوں نے دعویٰ کیا کہ ایران نے کبھی بھی نیوکلیئر ہتھیاروں کے حصول کی کوشش نہیں کی۔
Share this content:


