قراقرم اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (کے ایس او) کے وائس چیئرمین میر بابر حسین کے خلاف گلگت انتظامیہ نے پاک افغان کشیدگی کے دوران سوشل میڈیا پر دیے گئے ایک بیان کے الزام میں ایف آئی آر درج کرلی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق میر بابر کے بیان کو "افغانستان کے حق میں مؤقف” قرار دیتے ہوئے اسے ملکی سالمیت کے لیے خطرہ سمجھا گیا۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نوجوان رہنما کا بیان حساس صورتحال میں غیر ذمہ دارانہ تھا، جس سے عوامی جذبات اور ریاستی بیانیے پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔
دوسری جانب گلگت بلتستان کے سیاسی و سماجی حلقوں نے ایک پرامن طالبعلم رہنما کے خلاف کارروائی کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اختلافِ رائے کو جرم بنانا نوجوانوں کو مزید بے چینی اور بے اعتمادی کی طرف دھکیلنے کے مترادف ہے۔
عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت نوجوانوں کی آواز دبانے کے بجائے انہیں مکالمے اور جمہوری اظہارِ رائے کے مواقع فراہم کرے۔
Share this content:


