سیکورٹی خدشات: راولپنڈی اور اسلام آباد کے تمام بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ اڈوں کو بند رکھنے کا اعلان

راولپنڈی / اسلام آباد /کاشگل نیوز

حکومت پاکستان کی جانب سے سیکیورٹی خدشات اور انتظامی وجوہات کے پیش نظر اہم فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا گیا ہے کہ آج رات 11 بجے سے راولپنڈی اور اسلام آباد کے تمام بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ اڈوں کو 26 اپریل تک بند رکھا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اس فیصلے کے تحت راولپنڈی اور اسلام آباد سے دیگر اضلاع کو جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ مکمل طور پر معطل رہے گی، جبکہ دیگر شہروں سے جڑواں شہروں کی جانب آنے والی ٹریفک پر بھی پابندی عائد ہوگی۔ اس دوران بین الاضلاعی بس سروسز، ویگن اڈے اور کوچ ٹرمینلز بند رہیں گے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا اور ممکنہ سیکیورٹی خدشات سے نمٹنا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کا عمل مزید سخت کیا جائے گا۔

تاہم شہریوں کی سہولت کے پیش نظر راولپنڈی اور اسلام آباد کے اندر چلنے والی انٹرا سٹی پبلک ٹرانسپورٹ معمول کے مطابق بحال رہے گی، جس میں میٹرو بس سروس اور مقامی ویگن سروسز شامل ہیں۔

انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی سفری منصوبہ بندی مؤخر کر دیں اور کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچنے کے لیے متعلقہ ٹرانسپورٹ اڈوں سے پیشگی معلومات حاصل کریں۔

مزید برآں، حکام نے واضح کیا ہے کہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور حالات کے مطابق فیصلوں میں ردوبدل کیا جا سکتا ہے۔

Share this content: