سکندر شگری کی گرفتاری کی کوشش کے خلاف ردعمل، شہری حلقوں کی شدیدمذمت

شگر/ کاشگل نیوز

پاکستان کے زیر انتظام گلگت بلتستان کے وادی شگر کے معروف سماجی کارکن اور توانا آواز سکندر شگری کی مبینہ بلاجواز گرفتاری کی کوشش پر شہری و سماجی حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔

مختلف حلقوں نے اس اقدام کو قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پرامن سماجی کارکنوں کو نشانہ بنانا آئینی اور جمہوری اصولوں کے منافی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 19 کے تحت ہر شہری کو اظہارِ رائے کی آزادی حاصل ہے، جسے محدود کرنے کی کوئی بھی کوشش ناقابلِ قبول ہے۔

مقامی افراد اور سماجی کارکنوں نے کہا کہ اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے اور مسائل کا حل گرفتاریوں میں نہیں بلکہ مکالمے میں ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ سکندر شگری کے خلاف کسی بھی بلاجواز کارروائی کو فوری طور پر روکا جائے اور شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

مظاہرین اور شہری حلقوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اختلافِ رائے کو بغاوت کا رنگ دے کر سماجی و سیاسی کارکنوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے، کیونکہ ایسے اقدامات مسائل کو حل کرنے کے بجائے مزید پیچیدہ بناتے ہیں۔

Share this content: