کشمیر میں مسلح حملے ،2 پولیس اہلکار ہلاک ، 3 اہلکار زخمی

انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں سکیورٹی صورتحال ایک بار پھر تشویشناک ہوتی دکھائی دے رہی ہے جہاں کولگام اور کشتواڑ اضلاع میں دو الگ واقعات میں دو پولیس اہلکار ہلاک جبکہ تین نیم فوجی اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق بدھ کی دوپہر جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے علاقے نوپورہ اکھرن میں موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح افراد نے سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے ایک ناکے پر فائرنگ کی۔

حملے میں ہیڈ کانسٹیبل سومویر سنگھ، کانسٹیبل راکیش داس اور کانسٹیبل سنتوش چندرو زخمی ہو گئے۔ انھیں فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا جبکہ ایک اہلکار کو نازک حالت کے باعث فضائی راستے سے سرینگر کے بادامی باغ آرمی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا جب جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کولگام میں ایک ثقافتی میلے کی افتتاحی تقریب میں شریک تھے۔ بعد ازاں انھوں نے ہسپتال جا کر زخمی اہلکاروں کی عیادت کی اور کہا کہ سکیورٹی فورسز کو حملہ آوروں کے خلاف کارروائی کی مکمل آزادی دی گئی ہے۔

کولگام واقعے کے چند گھنٹے بعد ضلع کشتواڑ کے دور افتادہ جنگلاتی علاقے دچھن سے دو سپیشل پولیس افسران (ایس پی اوز) کی لاشیں برآمد ہوئیں۔

پولیس کے مطابق 57 سالہ بابی چند اور 45 سالہ رشپال کمار بدھ کی سہ پہر کیار دچھن کیمپ سے مڑواہ میں قائم ایک فوجی کیمپ کی جانب روانہ ہوئے تھے، تاہم راستے میں لاپتا ہو گئے۔ جمعرات کی صبح ان کی گولیوں سے چھلنی لاشیں جنگل سے برآمد ہوئیں۔

سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ دونوں اہلکاروں کے سروس ہتھیار بھی لاپتا ہیں، جس سے شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انھیں گھات لگا کر نشانہ بنایا گیا اور حملہ آور ان کا اسلحہ ساتھ لے گئے۔

واقعات کے بعد آئی جی پی کشمیر سجیت کمار اور سی آر پی ایف کے اعلیٰ حکام نے کولگام کا دورہ کیا اور سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔

آئی جی پی کشمیر کے مطابق سکیورٹی اداروں کو علاقے میں مشتبہ نقل و حرکت سے متعلق پہلے سے اطلاعات موصول ہوئی تھیں، جس کے باعث اضافی نفری تعینات کی گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اہلکاروں کی فوری جوابی کارروائی نے حملہ آوروں کے بڑے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔

کولگام اور کشتواڑ دونوں اضلاع میں فوج، سی آر پی ایف اور جموں و کشمیر پولیس نے مشترکہ سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ کولگام میں سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے حملہ آوروں کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ کشتواڑ کے جنگلاتی علاقوں میں ڈرونز، سراغ رساں کتوں اور خصوصی دستوں کی مدد سے تلاشی جاری ہے۔

سکیورٹی تجزیہ کاروں کے مطابق وادی میں سیاحتی سرگرمیوں کے عروج کے دوران پیش آنے والے یہ واقعات سکیورٹی اداروں کے لیے ایک نئے چیلنج کے طور پر سامنے آئے ہیں۔

Share this content: