چین کا سرحد پر امن برقرار رکھنے کے لیے انڈیا کے ساتھ مل کر کام کرنے پر آمادگی کا اظہار

چین کی وزارتِ خارجہ نے پیر کو اروناچل پردیش میں دونوں ملکوں کے فوجیوں کے درمیان کشیدگی کی اطلاعات پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’چین سرحد پر امن برقرار رکھنے کے لیے انڈیا کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔‘

چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان گو جیاکون نے کہا کہ ’چین انڈیا کے ساتھ طے پانے والے متعلقہ معاہدوں اور اہم اتفاقِ رائے پر ہمیشہ سختی سے عمل کرتا رہا ہے۔‘

چین کے سرکاری میڈیا ’گلوبل ٹائمز‘ کے مطابق ترجمان نے کہا کہ ’علاقائی خودمختاری کے تحفظ اور سرحدی استحکام برقرار رکھنے کے لیے چین سرحدی علاقوں میں باقاعدگی سے گشت اور نگرانی کی سرگرمیاں انجام دیتا ہے۔‘

انھوں نے چین اور انڈیا کی سرحد پر تازہ کشیدگی کی اطلاعات کے جواب میں کہا کہ دونوں ملک سفارتی اور فوجی ذرائع کے ذریعے ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں۔

گو جیاکون نے امید ظاہر کی کہ انڈیا بھی دوطرفہ معاہدوں پر عمل درآمد اور سرحدی علاقوں میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کرے گا اور اس سلسلے میں عملی اقدامات کرے گا۔

انڈیا کی انڈو تبتین بارڈر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل شتروگھن کپور نے گذشتہ جمعرات کو کہا تھا کہ چند روز کے دوران اروناچل پردیش میں کئی مقامات پر انڈیا اور چین کے فوجی آمنے سامنے آئے ہیں اور یہ صورتِ حال اب بھی برقرار ہے۔

ان کے بیان کے بعد 23 اکتوبر کو انڈیا کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا تھا کہ دونوں ملک لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) کے ساتھ حل طلب معاملات پر بات چیت اور کسی غلط فہمی یا غلط اندازے سے بچنے کے لیے سفارتی اور فوجی ذرائع استعمال کر رہے ہیں۔

Share this content: