جموں کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کو جس طرح محاصرے میں لے کر نشانہ بنایا جا رہا ہے، بالخصوص راولاکوٹ، باغ اور سدھنوتی میں فورسز کی جانب سے کیے جانے والے حملے انتہائی غیر انسانی اور قابلِ مذمت ہیں۔
ترجمان نے جنوبی باغ کے علاقے پندی میں ایک گھر کو دھماکے سے تباہ کرنے اور اس میں موجود تمام افراد کو موت کے گھاٹ اتارنے کے واقعے کو ریاستی سفاکیت کی بدترین مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ آٹھ سالہ بچوں سے لے کر 80 سالہ بزرگوں تک کو نشانہ بنانا انسانیت کے تمام اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پورے پونچھ ڈویژن کو محاصرے میں لے لیا گیا ہے، جس کے باعث شہری آبادی شدید خوف و ہراس اور عدم تحفظ کا شکار ہے۔
پارٹی نے ان حالات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر یہ کارروائیاں فوری طور پر بند نہ کی گئیں تو صورتِ حال اجتماعی قتلِ عام کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔
ترجمان نے مطالبہ کیا کہ شہریوں کے خلاف فوجی کارروائیاں اور قتلِ عام فوری طور پر بند کیا جائے، پونچھ ڈویژن کا محاصرہ ختم کیا جائے اور عوام کے جائز و جمہوری مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے مسئلے کا سیاسی اور پُرامن حل نکالا جائے۔
Share this content:


