تحریر: فرحان طارق
جس وادی میں رات گئے تک محفلیں لگتی تھیں، ہنسی مذاق عام رواج تھا، مگر آج وہاں لوگوں کے دلوں میں خوف اگتا ہے۔
جس وادی میں رات گئے تک محفلیں لگتی تھیں، ہنسی مذاق عام رواج تھا، مگر آج وہاں لوگوں کے دلوں میں خوف اگتا ہے۔دنیا جس خطے کو جنتِ نظیر کہتی ہے، جہاں پہاڑوں کے دامن میں آباد بستیاں، بہتے چشمے، سرسبز وادیاں اور برف پوش چوٹیاں قدرت کے حسن کی گواہی دیتی ہیں، وہاں گزشتہ 153 دنوں سے زندگی کا ایک ایسا باب رقم ہو رہا ہے جسے شاید آنے والی نسلیں بھی آسانی سے فراموش نہ کر سکیں۔
پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں پانچ جون سے شروع ہونے والے کریک ڈاؤن، گرفتاریوں، تشدد، چھاپوں، احتجاجوں اور خوف کی فضا نے اس خطے کے لوگوں کو ایسے تجربات سے دوچار کیا ہے جن کا تصور کبھی اخبارات کی سرخیوں، ڈاکومنٹریز اور تاریخ کی کتابوں تک محدود تھا۔
رینجرز کا نام کراچی آپریشن سے متعلق ڈاکومنٹریز اور کتابوں میں سنا تھا۔ ریاستی طاقت کے مظاہرے، فلیگ مارچ، شیلنگ، گرفتاریاں، رات گئے چھاپے اور گولیوں کی آوازیں قصوں اور خبروں میں پڑھ کو ملتی تھیں، مگر اس مرتبہ یہ سب کچھ آنکھوں کے سامنے ہو رہا تھا۔ تاریخ کے صفحات پر پڑھی جانے والی کہانیاں اچانک زندہ ہو کر گلیوں، بازاروں اور گھروں تک پہنچ گئی تھیں۔
گزشتہ 153 دنوں میں پونچھ ڈویژن، بالخصوص راولاکوٹ کے شہریوں نے صرف احتجاج کا ایک دور نہیں دیکھا بلکہ خوف کے ایک طویل موسم سے گزرے ہیں۔ ایسا موسم جس میں شام ڈھلتے ہی گلیاں خاموش ہو جاتی ہیں، دروازوں پر دستکیں خوف پیدا کرتی ہیں اور ہر فون کال کے ساتھ کسی نئی بری خبر کا خدشہ دل میں جنم لیتا ہے۔
کہیں سے اطلاع موصول ہوتی ہے کہ لانگ مارچ کے شرکا پر فائرنگ ہوئی ہے، تو کچھ ہی دیر بعد خبر آتی ہے کہ فلاں شخص سکیورٹی فورسز کی گولی سے شہید ہو گیا۔ کبھی ان خبروں میں کوئی ایسا نام شامل ہوتا ہے جس کے ساتھ آپ نے زندگی کے کئی لمحے گزارے ہوں، اور کبھی وہ چہرہ سامنے آتا ہے جسے آپ اپنا دوست، ہمسایہ یا عزیز سمجھتے ہیں۔
کہیں کسی شہری کے گھر پر چھاپے، توڑ پھوڑ اور گرفتاری کی خبر پہنچتی ہے، تو کہیں معلوم ہوتا ہے کہ فلاں شخص کئی روز سے لاپتہ ہے۔ پھر ایک وقت ایسا بھی آتا ہے جب اپنے ہی لوگوں کے درمیان، اپنے ہی خطے میں، اپنی شناخت چھپانا پڑتی ہے۔ لکھنے اور بولنے کے جرم میں انسان کو اپنے گھر، اپنے شہر اور اپنے معمولات سے دور روپوشی کی زندگی اختیار کرنا پڑتی ہے۔
یہ صرف واقعات کی خبریں نہیں، بلکہ یہ لوگوں کے اجتماعی حافظے پر لگنے والے گہرے زخم ہیں۔
ذرا اس منظر کا تصور کیجیے کہ کسی شخص کا جسم گولیوں سے زخمی ہے، اسپتال محض دو کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے، مگر وہ اپنے زخمی عزیز کو وہاں لے جانے سے خوف زدہ ہے۔ اسے اندیشہ ہے کہ کہیں علاج کے لیے لے جانے والا شخص زندہ یا مردہ واپس نہ ملے۔
کیا کسی معاشرے کے لیے اس سے زیادہ اذیت ناک صورت حال ہو سکتی ہے کہ انسان کو زخم سے زیادہ اسپتال کا خوف ستانے لگے؟
یہ وہ وادیاں ہیں جہاں کبھی کھیل کے میدانوں سے بچوں کی آوازیں گونجتی تھیں، مگر اب انہی بستیوں میں گولیوں کی تڑتڑاہٹ کے درمیان شب و روز گزرتے ہیں۔ جہاں اسکولوں، کالجوں اور جامعات سے محروم ہونے والے طلبہ کا مستقبل سوالیہ نشان بن چکا ہے۔ جہاں کتابوں کے صفحات پر جھکے ہوئے ذہنوں کو اپنے اردگرد کے حالات کی تلخ خبریں پڑھنے اور سننے کے لیے مجبور ہونا پڑता ہے۔
یہاں شہر کے داخلی راستوں پر اشیائے خورونوش روکے جانے کی اطلاعات سامنے آتی ہیں۔ یہاں شہریوں کو اپنی بنیادی ضروریات کے حصول میں بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہاں زندگی کے معمولات کسی غیر اعلانیہ پابندی کے تحت سانس لیتے محسوس ہوتے ہیں۔
اور پھر وہ مناظر بھی ہیں جنہیں بیان کرتے ہوئے لفظ بھی شرمندہ محسوس ہوتے ہیں۔
کہیں والدین اور رشتہ داروں کے سامنے سرکاری دستاویزات رکھی جاتی ہیں کہ اگر اپنے بیٹے یا بھائی کی میت وصول کرنی ہے تو پہلے تحریر میں تسلیم کریں کہ وہ دہشت گرد تھا۔ کہیں اپنوں کی میتیں اہلِ خانہ کو اطلاع دیے بغیر دفنا دیے جانے کی شکایات سامنے آتی ہیں۔ کہیں مائیں اپنے بچوں کی راہ تکتی رہ جاتی ہیں اور کہیں خاندان اپنے پیاروں کی آخری دیدار کے منتظر رہتے ہیں۔
یہ کیسی بے بسی ہے کہ ایک ماں اپنے بیٹے کی واپسی کے لیے دروازے پر نظریں جمائے بیٹھی ہو، مگر اسے یہ بھی معلوم نہ ہو کہ اس کا بیٹا کس حال میں ہے، کہاں ہے اور کب لوٹے گا؟
یہ کیسا المیہ ہے کہ زندگی بھر جن ہاتھوں نے بچوں کو سینے سے لگایا، انہی ہاتھوں کو کبھی اپنے بچوں کی میتوں کے انتظار میں اٹھنا پڑے؟
لکھنے اور بولنے کے جرم میں کئی ماہ حراست، مقدمات اور قانونی پیچیدگیوں کا سامنا کرنے والے افراد کی کہانیاں بھی اسی منظرنامے کا حصہ ہیں۔ رات گئے سڑکوں پر گھومتی گاڑیاں، مختلف مقامات پر نظر رکھتی ٹولیاں اور سرکاری وسائل کے ذریعے خوف کی فضا قائم ہونے کے تاثر نے شہریوں کی روزمرہ زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
رابطوں کا منقطع ہونا، اپنے پیاروں سے بات نہ کر پانا، کاروبار اور معاشی سرگرمیوں میں رکاوٹیں اور ہر وقت کسی نئی کارروائی کا خدشہ؛ یہ سب ایک ایسے معاشرے کی تصویر پیش کرتے ہیں جہاں زندگی اپنی فطری روانی کھو چکی ہو۔
پھر فورتھ شیڈول کا وہ نام ہے جسے شہریوں کی ایک بڑی تعداد اپنے لیے خوف اور پابندی کی علامت سمجھتی ہے۔ مرد ہوں یا عورتیں، نوجوان ہوں یا بزرگ، اس فہرست سے جڑے خدشات نے کئی خاندانوں کی زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔
اسی عرصے کے دوران حب الوطنی اور غداری کے سرٹیفکیٹ بھی خوب تقسیم ہوتے رہے۔ کسی کے لیے حب الوطنی کا معیار خاموشی ٹھہرا، تو کسی کے لیے اپنے حقوق کی بات کرنا ہی شک کی بنیاد بن گیا۔ یوں محسوس ہونے لگا جیسے اس خطے میں شہری ہونے کے ساتھ ساتھ ہر شخص کو اپنی وفاداری کا ثبوت بھی دینا ہے۔
ستم ظریفی دیکھیے کہ جن لوگوں کے ٹیکسوں سے ریاستی وسائل جمع ہوتے ہیں، انہی وسائل کے ذریعے ان کے خلاف پروپیگنڈے کی شکایات سامنے آتی ہیں۔ جن حکمرانوں پر عوام کے مسائل حل کرنے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، وہی اگر عوام کو غدار اور خود کو محب وطن ثابت کرنے کی بحث میں الجھ جائیں تو پھر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ریاست اور شہری کے درمیان اعتماد کا رشتہ آخر کہاں باقی رہ جاتا ہے؟
یہ کیسا منظر ہے کہ ایک طرف عوام اپنے بنیادی حقوق، معاشی آسودگی اور بہتر مستقبل کی بات کر رہے ہیں، اور دوسری طرف اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے لوگ اور طاقت کے نشے میں ڈوبے انا پرست ان کی وفاداری کے پیمانے طے کرنے میں مصروف دکھائی دیتے ہیں۔
مگر ان تمام مصائب کے باوجود یہ تحریک ختم نہیں ہوئی۔
شاید اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ محض چند مطالبات کی فہرست نہیں، بلکہ ایک ایسے معاشرے کی امید ہے جو اپنے مستقبل کو بہتر دیکھنا چاہتا ہے۔ یہ ان لوگوں کی آواز ہے جو چاہتے ہیں کہ ان کے وسائل پر ان کا حق تسلیم کیا جائے، ان کی زندگیوں میں آسودگی آئے، ان کے بچوں کو تعلیم ملے اور انہیں اپنے ہی گھروں میں خوف کے بجائے تحفظ محسوس ہو۔
گزشتہ 153 دنوں میں اس خطے کے لوگوں نے بہت کچھ کھویا ہے۔ کسی نے اپنا عزیز کھویا، کسی نے اپنا کاروبار، کسی نے اپنی آزادی، کسی نے اپنا سکون اور کسی نے اپنے معمولاتِ زندگی۔ کئی لوگوں نے اپنے پیاروں سے رابطہ کھو دیا، کئی خاندانوں نے اپنے بچوں کے مستقبل کے خوابوں کو دھندلاتے دیکھا اور کئی افراد نے اپنی زندگی کے قیمتی دن خوف اور بے یقینی میں گزارے۔
اید انہوں نے ایک چیز اب بھی نہیں کھوئی، اور وہ ہے امید۔
یہ تحریک ان کے لیے بہتر مستقبل کی آخری امید بن چکی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تمام تر دباؤ، گرفتاریوں، خوف اور مشکلات کے باوجود اس کے اثرات معاشرے میں پوری طرح موجود ہیں۔
دنیا کی اس جنت میں 21 ہفتے اور چھ دن گزر چکے ہیں۔ کیلنڈر پر یہ محض 153 دن ہیں، لیکن جن لوگوں نے یہ دن گزارے ہیں، ان کے لیے یہ کئی برسوں کے برابر ہو سکتے ہیں۔ ہر دن ایک نئی خبر، ہر رات ایک نیا خدشہ اور ہر صبح ایک نئی امید لے کر آئی۔
دنیا اس خطے کے پہاڑوں، چشموں اور وادیوں کی خوبصورتی دیکھتی ہے، مگر ان وادیوں میں رہنے والوں کی آنکھوں میں اترنے والی اداسی شاید اسے دکھائی نہیں دیتی۔
سوال یہ ہے کہ:
کیا وہ جگہ جنت کہلا سکتی ہے جہاں انسان اپنے ہی گھر میں خوف زدہ ہو، جہاں ماں اپنے بیٹے کی سلامتی کے لیے دعائیں مانگے، جہاں نوجوان اپنے مستقبل سے زیادہ اپنی جان کی فکر میں مبتلا ہوں، اور جہاں اپنے حقوق کی آواز بلند کرنے والوں کو اپنی وفاداری ثابت کرنا پڑے؟
شاید جنت صرف خوبصورت پہاڑوں، بہتے چشموں اور سرسبز وادیوں کا نام نہیں۔ جنت وہاں بھی ہوتی ہے جہاں انسان کو عزت، تحفظ، انصاف اور آزادی کے ساتھ جینے کا حق حاصل ہو۔
دنیا کی اس جنت کو بھی ایسے ہی دنوں کا انتظار ہے۔
جہاں گولیوں کی آواز کے بجائے بچوں کے قہقہے سنائی دیں، جہاں چھاپوں کے خوف کے بجائے دروازوں پر اپنوں کی دستک ہو، جہاں مائیں اپنے بچوں کی واپسی کا انتظار خوف سے نہیں بلکہ محبت سے کریں، اور جہاں کسی شہری کو اپنی حب الوطنی ثابت کرنے کے لیے اپنے ضمیر سے دستبردار نہ ہونا پڑے۔
کیونکہ کسی بھی خطے کی اصل خوبصورتی اس کے پہاڑوں میں نہیں، بلکہ وہاں بسنے والے انسانوں کے چہروں پر پھیلے اطمینان میں ہوتی ہے۔
اور اس جنت کو بھی اسی اطمینان کی تلاش ہے۔
٭٭٭
Share this content:


