راولاکوٹ میں فائرنگ، رینجرز افسر ہلاک، پولیس کا 4 مسلح افراد کو مارنے کا دعویٰ

فرحان طارق/ مظفرآباد

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے ضلع پونچھ کے شہر راولاکوٹ میں متیالمرہ بس ٹرمینل کے قریب فائرنگ کے ایک واقعے میں پاکستان رینجرز کا ایک افسر ہلاک ہو گیا ہے، جبکہ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ جوابی کارروائی میں چار مسلح افراد مارے گئے ہیں۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس پونچھ ریجن کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق منگل کی صبح تقریباً ساڑھے دس بجے متیالمرہ بس ٹرمینل کے قریب ’مسلح عناصر نے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر شدید اور اندھا دھند فائرنگ‘ کی۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ڈیوٹی پر تعینات پاکستان رینجرز کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ برکت سر میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہوئے۔ انہیں فوری طور پر سی ایم ایچ راولاکوٹ منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گئے۔

پولیس ترجمان کے مطابق واقعے کے بعد علاقے میں صورتحال پر قابو پانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی جاری ہے۔

بعد ازاں پولیس کی جانب سے یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جوابی کارروائی میں چار مسلح افراد مارے گئے ہیں۔

تاہم راولاکوٹ ضلع پولیس کی جانب سے صبح 10 بج کر 15 منٹ پر جاری کی گئی ابتدائی پریس ریلیز میں جوابی کارروائی کے نتیجے میں کسی ہلاکت کا ذکر نہیں کیا گیا تھا۔ چار افراد کی ہلاکت سے متعلق دعوے کی مزید تفصیلات یا ہلاک ہونے والوں کی شناخت پولیس کی جانب سے فوری طور پر سامنے نہیں لائی گئی۔

دوسری جانب حکومت کی جانب سے کالعدم قرار دی گئی جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (جیک) کے کور ممبر عابد اسلم نے پولیس کے مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ متیالمرہ بس ٹرمینل پر سکیورٹی فورسز گزشتہ کئی روز سے ’سویلین آبادی کو نشانہ بنا رہی ہیں۔‘

عابد اسلم نے دعویٰ کیا کہ چند روز قبل بھی سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے ایک بچی ہلاک ہوئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہماری تحریک پرامن ہے اور فورسز خود فائرنگ کر کے ہماری تحریک کو مسلح تحریک قرار دینے کا پروپیگنڈا کر رہی ہیں۔‘

جیک رہنما کے مطابق پانچ اکتوبر سے متیالمرہ بس ٹرمینل پر سکیورٹی فورسز کی جانب سے کارروائی، بس ٹرمینل خالی کرانے اور دھرنا ختم کرانے کے دعوے سامنے آتے رہے ہیں۔

فائرنگ کے حالیہ واقعے کے بعد پولیس اور جیک کے نمائندے کی جانب سے سامنے آنے والے مؤقف ایک دوسرے سے متضاد ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکاروں پر مسلح افراد نے فائرنگ کی، جبکہ جیک کے کور ممبر نے سکیورٹی فورسز پر شہریوں کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا ہے۔

Share this content: