ننانوے فیصد اپنے، ایک فیصد پرائے

تحرہر: فرحان طارق

راولاکوٹ میں دھرنے پر بیٹھے لوگوں کے بارے میں خطے کے وزیراعظم افتخار گیلانی کا کہنا ہے کہ ’’راولاکوٹ میں بیٹھے 99 فیصد لوگ ہمارے اپنے ہیں۔‘‘
ان سے پہلے سابق وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور بھی اسی مفہوم کی بات کہہ چکے ہیں۔

یہ جملہ بظاہر اپنائیت سے بھرا ہوا ہے، مگر سیاست میں بعض اوقات ایک جملہ اپنے اندر پوری حکمرانی کا فلسفہ چھپا لیتا ہے۔ سوال صرف یہ ہے کہ اگر ننانوے فیصد اپنے ہیں تو وہ ایک فیصد کون ہیں، جنہیں حاکمِ وقت اپنا کہنے سے گریزاں ہے؟ اور اس سے بھی بڑا سوال یہ ہے کہ کہیں حقیقت میں وہی ایک فیصد تو حکمرانوں کے ’’اپنے‘‘ نہیں جن کے وجود کے سہارے ننانوے فیصد کو غیر قرار دینے کی کوشش کی جا رہی ہے؟

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں گزشتہ تین برس سے جاری عوامی حقوق کی تحریک پانچ جون کو ایک نئے اور سخت مرحلے میں داخل ہوئی، جب حکومت نے جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم قرار دے کر اس کے رہنماؤں کے خلاف کارروائیاں شروع کیں۔ راولاکوٹ میں جاری دھرنے ختم کرانے کے لیے مختلف کوششیں کی گئیں۔ طاقت استعمال ہوئی، گرفتاریاں ہوئیں، تصادم ہوئے اور انسانی جانیں ضائع ہوئیں، مگر دھرنے اپنی جگہ موجود رہے۔

اس تمام عرصے میں حکومت کے نمائندہ حلقوں، سوشل میڈیا اور قومی میڈیا پر ایک بیانیہ مسلسل گردش کرتا رہا کہ تحریک کے ساتھ مسلح لوگ موجود ہیں، جو سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ کبھی انہیں شرپسند کہا گیا، کبھی بیرونی عناصر سے جوڑا گیا اور کبھی ایسی قوتوں کے نام لیے گئے جنہیں ریاست پہلے ہی اپنے دشمنوں کی فہرست میں رکھتی ہے۔

یوں ایک بار پھر ایک خطے کے عوام کو سمجھانے کی کوشش کی گئی کہ مسئلہ ان کے مطالبات کا نہیں، ان کے درمیان موجود ’’ایک فیصد‘‘ کا ہے۔

مگر تاریخ کی ستم ظریفی دیکھیے۔

اگر راولاکوٹ کے دھرنے میں بیٹھے لوگ واقعی ننانوے فیصد ہیں تو پھر گزشتہ تین برس میں لاکھوں لوگوں کے لانگ مارچ کس کھاتے میں ڈالے جائیں؟ تین مرتبہ عوام سڑکوں پر نکلے، مطالبات پیش کیے، حکومتوں کو للکارا، اپنے سیاسی وجود کا اظہار کیا۔ کیا یہ بھی وہی ایک فیصد تھے؟

یا پھر یہ ننانوے فیصد لوگ ہیں، جنہیں حکومت نے خود ’’اپنا‘‘ تو قرار دے دیا، مگر ان کے مطالبات کو اپنا ماننے سے انکار کر دیا؟

یہ سوال اب عوامی حلقوں میں بھی گردش کر رہا ہے کہ جن ’’ایک فیصد شرپسند اور مسلح عناصر‘‘ کا ذکر بار بار کیا جاتا ہے، آخر وہ ہیں کون؟ کیا وہ بھی انہی حکمرانوں کے اپنے لوگ ہیں جو عوام کو غیر قرار دینے کے لیے ان کا نام لیتے ہیں؟

تاریخ یہاں ایک اور عجیب آئینہ سامنے رکھتی ہے۔

پونچھ ڈویژن کی سرزمین ماضی میں مختلف عسکری تنظیموں اور مسلح تحریکوں کی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی جانی جاتی رہی ہے۔ مذہبی جہادی تنظیمیں ہوں یا کشمیر کی آزادی کے نام پر سرگرم مسلح گروہ، اس خطے نے مختلف ادوار میں عسکری سیاست کے کئی رنگ دیکھے ہیں۔ اس دور کی ریاستی پالیسیوں، سرپرستیوں اور تربیتی مراکز پر آج بھی سوالات موجود ہیں۔

جے کے ایل ایف کے بانی رہنما امان اللہ خان نے اپنی کتاب ’’جہدِ مسلسل‘‘ میں بھارتی زیر انتظام کشمیر میں مسلح جدوجہد کے آغاز اور پاکستانی خفیہ ادارے سے ہتھیار حاصل کرنے کا ذکر کیا ہے۔ یہ تاریخ کا وہ باب ہے جسے پسند کیا جائے یا ناپسند، مٹایا نہیں جا سکتا۔

اور پھر حالیہ زمانے کا منظر بھی زیادہ مختلف نہیں۔

فروری 2025 میں ایسے مسلح گروہوں سے وابستہ افراد، جنہیں ریاستی سطح پر کالعدم قرار دیا جا چکا تھا، راولاکوٹ میں سرعام سرگرم دکھائی دیے۔ گھوڑوں پر سوار افراد کے مناظر، مسلح جتھے اور ’’طوفان الاقصیٰ‘‘ کانفرنس جیسی سرگرمیاں بھی دیکھنے میں آئیں۔ سوال یہ نہیں کہ وہ کون تھے؛ سوال یہ ہے کہ اگر ریاست واقعی مسلح سیاست کے خلاف ہے تو ایسے مظاہر کے لیے جگہ کیسے پیدا ہوئی؟

اور اگر یہ سب کچھ ریاستی نگرانی یا رضامندی کے ماحول میں ممکن ہے تو پھر عوامی حقوق کی تحریک کے ساتھ ایک فرضی ’’ایک فیصد‘‘ جوڑنے کا جواز کیا ہے؟

جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنما مسلسل کہتے آئے ہیں کہ ان کی تحریک پرامن ہے اور ان کا کسی مسلح گروہ سے کوئی تعلق نہیں۔ ان کے مطالبات بھی کسی توپ، ٹینک یا بندوق کے مطالبات نہیں۔ وہ مفت تعلیم، روزگار، سستی بجلی، ، بہتر انٹرنیٹ اور بنیادی شہری حقوق کی بات کرتے ہیں۔

مگر عجیب زمانہ ہے۔

بندوق اٹھانے والوں سے مذاکرات کے دروازے کھل سکتے ہیں، مگر کتاب، روزگار، بجلی اور انٹرنیٹ مانگنے والوں سے مذاکرات کے لیے دروازے بند کر دیے جاتے ہیں۔

ریاست نے ماضی میں صوفی محمد سے مذاکرات کیے، غازی عبدالرشید کے معاملے میں مذاکرات کے راستے آزمائے، تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے متعدد ادوار کیے، حتیٰ کہ افغانستان سے واپس آنے والے ٹی ٹی پی عناصر کی آبادکاری تک پر بحث ہوئی۔ سوال پھر وہی ہے: اگر بندوق اٹھانے والا ’’اپنا‘‘ ہو سکتا ہے تو حق مانگنے والا کیوں نہیں؟

شاید مسئلہ مطالبے کا نہیں، شناخت کا ہے۔

شاید ’’اپنا‘‘ وہ ہے جو طاقت کے سامنے کھڑا ہو کر بندوق اٹھائے، اور ’’غیر‘‘ وہ جو ہاتھ میں پرچہ اٹھا کر اپنے حقوق کا حساب مانگے۔

بلوچ قوم پرست رہنما عطا اللہ مینگل کا ایک جملہ اس مقام پر یاد آتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم بوڑھے ہو گئے ہیں، شاید کوئی راستہ نکال لیں؛ ہم جذباتی نہیں، مگر ممکن ہے آنے والی بلوچ نسل بات ہی نہ کرے۔

یہ جملہ محض بلوچستان کی تاریخ کا ایک فقرہ نہیں۔ یہ ہر اس خطے کے لیے ایک انتباہ ہے جہاں عوام کے سوالات کو سننے کے بجائے ان کے درمیان ’’اپنے‘‘ اور ’’پرائے‘‘ کی لکیر کھینچی جاتی ہے۔

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں بھی شاید یہی لکیر آہستہ آہستہ گہری ہو رہی ہے۔

ایک طرف حکومت کہتی ہے:

’’ننانوے فیصد ہمارے اپنے ہیں۔‘‘

دوسری طرف وہی ننانوے فیصد تین برس سے سڑکوں پر ہیں، دھرنوں میں بیٹھے ہیں، لانگ مارچ کر رہے ہیں اور اپنے مطالبات دہرا رہے ہیں۔

تو پھر سوال یہ نہیں کہ ایک فیصد کون ہے۔

اصل سوال یہ ہے کہ ننانوے فیصد آخر کب تک اپنے ہونے کا ثبوت دیتے رہیں گے؟

حکومتیں عوام کو اپنا کہنے سے نہیں، عوام کی بات سننے سے اپنی ثابت ہوتی ہیں۔

اور تاریخ کا سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ جب حکمران اپنے ہی لوگوں کے سوالوں سے خوفزدہ ہونے لگیں تو وہ پہلے انہیں ’’شرپسند‘‘ کہتے ہیں، پھر ’’غیر‘‘ کہتے ہیں، اور آخرکار تاریخ کے صفحات پر خود کو ایک ایسے حاکم کے طور پر دریافت کرتے ہیں جو اپنے لوگوں کی آواز سننے میں ناکام رہا۔

راولاکوٹ کا دھرنا شاید اسی سوال کا انتظار کر رہا ہے:

اگر ننانوے فیصد واقعی آپ کے اپنے ہیں، تو پھر ان سے بات کرنے میں اتنی دیر کیوں؟

٭٭٭

Share this content: