کشمیر میں عوامی حقوق تحریک کے خلاف ریاستی پروپیگنڈہ مہم جاری

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں جاری عوامی حقوق کی تحریک کے خلاف گزشتہ کئی ماہ پر منظم پروپیگنڈہ مہم جاری ہے، جس میں مختلف سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ کے ذریعے تحریک کے شرکا اور عوام کو دہشت گرد اور غدار قرار دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

اس مہم کے پیچھے پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) اور اسٹیبلشمنٹ سے وابستہ مختلف گروپس کے حمایت یافتہ پروپیگنڈہ چینلز موجود ہیں، جہاں عوامی حقوق کی تحریک کو عسکریت پسندی سے جوڑ کر پیش کیا جا رہا ہے۔

تحریک کے حامیوں کا کہنا ہے کہ ان چینلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بڑی رقوم خرچ کرکے ایسی مہم چلائی جا رہی ہے جس کا مقصد عوامی حقوق کے مطالبات اور احتجاجی سرگرمیوں کو مشکوک بنانا اور انہیں عسکریت پسندی سے جوڑنا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ عوامی حقوق کی تحریک میں شامل افراد بنیادی طور پر بجلی، آٹے، روزگار، ٹیکسوں، وسائل پر حق اور دیگر شہری و معاشی حقوق کے مطالبات کے لیے احتجاج کر رہے ہیں اور تحریک کو عسکریت پسندی سے جوڑنے کی کوششیں حقائق کو مسخ کرنے کے مترادف ہیں۔

تحریک کے حامیوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر چلنے والی ایسی مہمات اور ان سے منسلک پروپیگنڈہ چینلز کے مواد پر اندھا اعتماد نہ کریں بلکہ ان کے دعوؤں اور سرگرمیوں کا تنقیدی جائزہ لیں۔

ان کا کہنا ہے کہ عوام کو چاہیے کہ وہ ایسے مواد کے ذرائع، شواہد اور مقاصد پر نظر رکھیں اور بغیر تصدیق کسی الزام یا دعوے کو آگے نہ پھیلائیں۔

Share this content: