کشمیر میں جاری عوامی تحریک کے حوالے سے انقلابی کمیونسٹ پارٹی کا اہم سیاسی و پالیسی اعلامیہ جاری

انقلابی کمیونسٹ پارٹی (آزاد کشمیر) نے خطے میں گزشتہ پانچ ماہ سے جاری عوامی تحریک کے حوالے سے ایک تفصیلی پالیسی اعلامیہ جاری کیا ہے، جس میں تحریک کو درپیش چیلنجز، جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی حکمت عملی، اور آئندہ کے انقلابی لائحہ عمل کا جامع جائزہ پیش کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق، پانچ ماہ کی شدید جدوجہد اور عوام کی بے پناہ قربانیوں کے باوجود تحریک کو متوقع کامیابی نہ ملنے کی بنیادی وجہ قیادت کا فرسودہ اصلاح پسندانہ سوچ، مذاکرات پر زیادہ انحصار اور دھرنوں کی غیر مؤثر حکمت عملی پر عمل پیرا ہونا ہے۔

اعلامیے کے اہم نکات اور مطالبات:

دھرنوں کی حکمت عملی کی ناکامی: پارٹی نے واضح کیا ہے کہ دھرنوں کی پالیسی اب غیر مؤثر ہو چکی ہے، جس کے باعث تحریک کی سرگرمیاں محدود اور ریاست کے محاصرے و جبر میں اضافہ ہوا ہے۔

عوامی حکومت کا قیام: یہ جدوجہد اب محض مطالبات کی منظوری کی نہیں بلکہ خطے کے عوام کے اپنے حقِ ملکیت اور حقِ حکمرانی کی لڑائی بن چکی ہے، جسے سرمایہ دارانہ نظام کو اکھاڑ پھینک کر ایک انقلابی عوامی حکومت کے قیام سے ہی ممکن بنایا جا سکتا ہے۔

عالمی سامراجی اداروں کی بجائے طبقاتی یکجہتی: نام نہاد لبرل حکمرانوں یا اقوام متحدہ جیسے ناکارہ اداروں سے توقعات وابستہ کرنے کے بجائے پاکستان اور دنیا بھر کے محنت کشوں کے ساتھ طبقاتی یکجہتی کی بنیاد پر تحریک کو آگے بڑھایا جائے۔

تحریک کا جمہوری ساخت میں ڈھالنا: فیصلوں کے اختیار کو چند افراد تک محدود رکھنے کے بجائے وارڈ اور عوامی کمیٹیوں کے ذریعے جمہوری مباحثے اور انتخابات کو فروغ دیا جائے، نیز عورتوں کی قیادت و شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔

پارٹی نے تحریک کے تمام فعال اور باشعور حصوں پر زور دیا ہے کہ وہ حالیہ تجربات سے درست نتائج اخذ کرتے ہوئے سائنسی سوشلزم کی بنیاد پر انقلابی جدوجہد کا حصہ بنیں تاکہ اس عوامی تحرک کو حتمی کامیابی سے ہمکنار کیا جا سکے۔

Share this content: