جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (JKJAAC) کے رہنما سردار عمر نذیر کشمیری نے دریک عیدگاہ راولاکوٹ میں ایک عظیم الشان عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں کے تمام تر اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود ریاست کے طول و عرض میں عوام نے شٹر ڈاؤن ہڑتال اور احتجاج کے ذریعے ثابت کر دیا ہے کہ کشمیری قوم کسی صورت ظالم کے آگے جھکنے والی نہیں ہے۔
انہوں نے حکمرانوں کے اس دعوے کو رد کر دیا کہ تحریک محض راولاکوٹ تک محدود ہو چکی ہے۔
عمر نذیر کشمیری کا کہنا تھا کہ آج ریاست بھر کے باشعور اور غیرت مند عوام نے اپنے راولاکوٹ کے بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کر کے ہر شہر، محلے اور گلی میں احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسا کبھی نہیں ہوا کہ راولاکوٹ سے ایکشن کمیٹی کی کال آئے اور عوام سڑکوں پر نہ نکلیں۔
حکمرانوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہوں نے متنبہ کیا کہ اپنی بارہ سیٹیں بچاتے بچاتے آپ کے ہاتھ سے مسئلہ کشمیر نکل چکا ہے اور آج ہمارا کوئی وکیل نہیں رہا۔
انہوں نے تمام احتجاجی شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تحریک کل بھی پرامن اور متحد تھی، آج بھی ہے اور آئندہ بھی رہے گی، اور بالاخر فتح پرامن اور متحد عوام کی ہی ہوگی۔
Share this content:


