پاکستان زیر انتظام کشمیر میں پاکستانی فورسز کی جانب سے شہریوں کی بلاجواز گرفتاریوں، گھروں پر چھاپوں اور چادر و چار دیواری کی پامالی کے واقعات میں شدید اضافہ ہو گیا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق پل منڈا کے علاقے میں فورسز نے رات کی تاریکی میں کارروائی کرتے ہوئے گھروں پر حملہ کیا اور سامان کی شدید توڑ پھوڑ کر کے اہلِ خانہ کو شدید خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا۔
اس غیر قانونی کارروائی کے دوران فورسز نے دو مقامی نوجوانوں احسان مغل اور شانی کو ان کے گھر سے زبردستی اٹھا کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا، جو اب جبری طور پر لاپتہ کر دیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زبردستی حراست میں لیے جانے کے بعد انتظامیہ اور فورسز کی جانب سے نوجوانوں کے لواحقین کو کوئی معلومات فراہم نہیں کی جا رہیں۔ پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں نے ان کی موجودگی سے یکسر لا علمی کا اظہار کر دیا ہے، جس کے باعث وہ باضابطہ طور پر جبری طور پر لاپتہ افراد کی فہرست میں شامل ہو چکے ہیں۔
اس صورتِ حال پر نوجوانوں کے اہلِ خانہ، تجارتی اور عوامی حلقوں کے ساتھ ساتھ ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں نے بھی شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے فورسز کے اس غیر قانونی رویے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر احسان مغل اور شانی کو فوری طور پر منظرِ عام پر نہ لایا گیا اور بلا مشروط رہا نہ کیا گیا تو علاقے بھر میں سخت اور وسیع پیمانے پر احتجاجی لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔
Share this content:


