مظفرآباد، سہنسہ، ٹھمقام اور رنگلہ میں طلبہ، علماء اور شہریوں کی پکڑ دھکڑ، چادر و چار دیواری کی پامالی

پاکستان زیر انتظام کشمیر میں عوامی حقوق کی تحریک اور پُرامن احتجاج کو دبانے کے لیے پاکستانی فورسز اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے انتقامی کارروائیوں اور غیر قانونی گرفتاریوں کا سلسلہ شدید تر ہو گیا ہے۔ مظفرآباد، سہنسہ، ٹھمقام اور رنگلہ سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فورسز نے طلبہ، مذہبی شخصیات اور عام شہریوں کو ہدف بنانا شروع کر دیا ہے۔

عبدالغنی میڈیکل انسٹیٹیوٹ مظفرآباد کے طلبہ نے اپنے شہداء کے حق میں پُرامن ریلی نکالی، جس کے فوراً بعد فورسز نے چھاپے مار کر متعدد طلبہ کو گرفتار کر لیا۔

عوامی حلقوں اور سٹوڈنٹس آرگنائزیشنز نے اس پیش رفت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے طلبہ کی فوری اور بلا مشروط رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ پُرامن احتجاج اور اختلافِ رائے ہر شہری کا بنیادی حق ہے، اور اس طرح کے ظالمانہ اقدامات سے طلبہ کا تعلیمی مستقبل داؤ پر لگایا جا رہا ہے۔

سہنسہ میں فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے عوامی ایکشن کمیٹی کے پُرامن احتجاج کی حمایت کرنے کے پاداش میں معروف شخصیت علامہ حبیب سلطان صاحب کو گزشتہ رات گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔

ٹھمقام سے آنے والی رپورٹ کے مطابق فورسز نے مجتبیٰ بانڈے کے بڑے بھائی کو اغوا کر لیا ہے، جو کہ محکمہ جنگلات میں سرکاری ملازم ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص کی کوئی سیاسی سرگرمی ہے اور نہ ہی عوامی ایکشن کمیٹی سے کوئی راست تعلق، انہیں محض مجتبیٰ بانڈے کا بھائی ہونے کی وجہ سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اس سے قبل بھی انہیں دو بار نوکری سے معطل کیا جا چکا تھا۔

رنگلہ انتظامیہ اور عوامی حقوق تحریک کے درمیان طے پانے والے معاہدے کی پولیس نے کھلم کھلا خلاف ورزی کی ہے۔

راجہ تسنیم اشرف کے گھر کی دہلیز پر، ان کی والدہ ماجدہ کی قبر پر فاتحہ خوانی کے دوران پولیس نے حملہ کر کے چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا۔ اس دوران شدید بدسلوکی کی گئی اور کپڑے پھاڑ دیے گئے۔

عوامی و سیاسی حلقوں نے ان تمام واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ریاستی جبر اور غیر قانونی ہتھکنڈے عوامی تحریک کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔

Share this content: