کشمیر میں دکانیں بند کرنے کی پاداش میں تاجر گرفتار، دکانیں سیل

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 9 نومبر کی کامیاب شٹر ڈاؤن ہڑتال کے بعد انتظامیہ نے تاجر برادری اور ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق سب ڈویژن سماہنی کی انتظامیہ نے جنڈالہ میں 9 نومبر کی شٹر ڈاؤن ہڑتال کی حمایت کرنے اور ریلی میں شرکت کے پاداش میں صدر جنڈالہ بازار راجہ اظہر خان اور مرزا ذوالفقار زرگر کی دکانیں سیل کر دی ہیں۔

اسی طرح چوکی کے مقام پر بھی متعدد تاجروں کی دکانیں سیل کرنے کے ساتھ ساتھ معزز شہریوں کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔

عوامی و تجارتی حلقوں نے انتظامیہ کے اس دوہرے معیار پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 9 نومبر کو پورا جنڈالہ بازار مکمل طور پر بند تھا، لیکن انتظامیہ نے صرف چند مخصوص رہنماؤں کو نشانہ بنایا۔

تاجر برادری نے صحافی برادری، مقامی یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تاجروں کے خلاف ہونے والے اس ریاستی جبر اور انتقامی اقدامات پر خاموشی توڑیں اور بھرپور آواز اٹھائیں۔

جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں اور سلیکٹیو سزاؤں سے عوامی تحریک کو دبایا نہیں جا سکتا۔ گزشتہ پانچ ماہ سے زائد عرصے سے راولاکوٹ دریک کے مقام سمیت دیگر علاقوں میں دھرنے اور پُرامن احتجاجی سلسلے جاری ہیں، اور حقوق کے حصول تک یہ جدوجہد ہر صورت برقرار رہے گی۔

Share this content: