ایران نے دارالحکومت تہران میں خواتین کے لیے ایک نئے عسکری تربیتی مرکز کا افتتاح کیا ہے۔ یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایرانی حکام کو امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ممکنہ نئے حملوں کے خدشات لاحق ہیں اور سفارتی ثالثی کی کوششیں بھی تعطل کا شکار بتائی جا رہی ہیں۔
منگل کو کھولے گئے اس مرکز میں خواتین رضاکاروں کو مختلف عسکری اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تربیت دی جا رہی ہے۔
جاری کی گئی ویڈیوز میں درجنوں خواتین رضاکاروں، جنھیں ’جان فدا‘ کہا جاتا ہے، کو دیواروں سے رسیوں کے ذریعے نیچے اترتے اور زِپ لائن کی مشق کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیوز میں بعض خواتین کو اسلحہ اٹھائے تربیتی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق ان مراکز میں شہری دفاع، فضائی دفاع اور امدادی و ریسکیو کارروائیوں سے متعلق کورسز بھی کرائے جا رہے ہیں۔
ایران اس سے قبل مردوں اور خواتین دونوں کے لیے ایسے تین تربیتی مراکز قائم کر چکا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس مہم کے تحت ایک ملین، یعنی دس لاکھ، رضاکاروں کو تربیت دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
Share this content:


