کشمیری عوام اپنا حق مانگ رہے ہیں، ایکشن کمیٹی کا کوئی بیرونی ایجنڈا نہیں، شیر افضل مروت

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا کوئی بیرونی ایجنڈا نہیں، یہ باتیں اب پرانی ہو چکی ہیں، جبکہ کشمیر کے عوام اپنے بنیادی حقوق کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

کشمیر ہاؤس میں کشمیری سیاسی قیادت، وزیراعظم اور صدر سمیت دیگر رہنماؤں کے سامنے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ کشمیری عوام کے مطالبات کو بیرونی ایجنڈا قرار دینے کے بجائے ان کے مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کشمیری سیاسی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایکشن کمیٹی کے مطالبات کو حل کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات نہیں کیے گئے اور پانچ ماہ گزرنے کے باوجود مسئلہ حل نہیں ہو سکا۔

شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ کشمیری قیادت کو بااختیار بنانے کے لیے اسمبلی کی 12 نشستیں ختم کرنے کی بات کی جا رہی ہے، لیکن موجودہ سیاسی قیادت عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’آپ کے اپنے لوگوں پر فائر کھول دیے جاتے ہیں‘‘، اس لیے ضرورت اس امر کی ہے کہ کشمیری عوام کے مطالبات کو سنجیدگی سے سنا جائے۔

شیر افضل مروت نے کشمیر میں حکمرانی اور ترقیاتی صورتحال پر بھی تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایک مرتبہ کشمیر کا دورہ کیا تو سڑکوں اور سکولوں کی حالت دیکھ کر انہیں اندازہ ہوا کہ اگر خیبر پختونخوا میں 60 فیصد کرپشن ہے تو کشمیر میں یہ شرح 80 سے 85 فیصد تک ہو سکتی ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ کشمیر میں عوامی وسائل کے استعمال اور حکومتی کارکردگی پر سنجیدہ سوالات موجود ہیں اور سیاسی قیادت کو ان معاملات کا جواب دینا چاہیے۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ کشمیری عوام کے مسائل کو طاقت یا الزامات کے بجائے سیاسی مذاکرات اور عملی اقدامات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔

Share this content: