پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے ضلع حویلی میں عدالت نے جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کور ممبران مرتضیٰ شریف میر، فیصل جاوید میر اور وقار قمر میر کو اشتہاری ملزم قرار دیتے ہوئے انہیں 5 دسمبر تک عدالت کے روبرو پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔
عدالتی حکم کے بعد تینوں افراد کے اشتہارات خورشید آباد بازار میں آویزاں کر دیے گئے ہیں۔
عدالتی کارروائی کے اس مرحلے پر سوال یہ اٹھایا جا رہا ہے کہ ایک طرف عدالت تین افراد کو عدالت میں پیش ہونے کے لیے اشتہاری قرار دے رہی ہے، جبکہ دوسری جانب اسی تحریک سے وابستہ متعدد افراد پہلے ہی گرفتار کیے جا چکے ہیں اور اس کے باوجود انہیں عدالت کے سامنے پیش نہیں کیا جا سکا۔
عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنما شوکت نواز میر سمیت کئی افراد کی گرفتاریوں کے باوجود اگر گرفتار ملزمان کو عدالت میں پیش نہیں کیا جا رہا تو اس صورتِ حال نے علاقے میں جاری عدالتی اور انتظامی کارروائی پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔
مقامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر کسی شخص کے خلاف مقدمہ زیرِ سماعت ہے اور وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی حراست میں ہے تو اسے عدالت کے سامنے پیش کرنا قانونی کارروائی کا بنیادی تقاضا ہے۔ تاہم حویلی میں موجودہ صورتِ حال میں ایک طرف بعض افراد کو اشتہاری قرار دے کر ان کی گرفتاری کے لیے اشتہارات آویزاں کیے گئے ہیں، جبکہ دوسری جانب گرفتار افراد کی عدالت میں پیشی کا معاملہ بھی زیرِ سوال ہے۔
یہ صورتِ حال اس سوال کو مزید اہم بناتی ہے کہ حویلی میں جاری مقدمات اور گرفتاریوں کے معاملے میں عدالتی احکامات پر عمل درآمد کس حد تک ہو رہا ہے اور گرفتار ملزمان کو عدالت کے سامنے پیش کرنے میں رکاوٹ کیا ہے۔
5 دسمبر کو عدالت میں مقررہ تاریخ پر ہونے والی کارروائی سے یہ واضح ہو گا کہ اشتہاری قرار دیے گئے تینوں افراد عدالت کے سامنے پیش ہوتے ہیں یا نہیں، جبکہ پہلے سے گرفتار افراد کی پیشی کا معاملہ بھی عدالتی کارروائی میں اہم حیثیت رکھتا ہے۔
Share this content:


