کشمیریوں کی نسل کشی کے خلاف امریکا میں 14 اور 21 نومبرکو احتجاجی مظاہروں کا اعلان

پاکستان کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر میں گزشتہ چار ماہ سے جاری مبینہ فوجی محاصرے، ریاستی تشدد اور معصوم بچوں سمیت شہریوں کے قتلِ عام کے خلاف امریکہ میں مقیم ریاست جموں و کشمیر کے شہریوں اور کشمیری ڈائسپورا کی جانب سے بھرپور احتجاج کی کال دے دی گئی ہے۔

جاری کردہ پوسٹر اور تفصیلات کے مطابق، راولاکوٹ اور ضلع پونچھ میں معصوم بچوں پر ہونے والے مظالم اور ان کی شہادتوں کے خلاف عالمی ضمیر کو جگانے کے لیے امریکہ کے دو اہم شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا گیا ہے:
14 نومبر: واشنگٹن ڈی سی (Washington D.C.) میں بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔
21 نومبر: نیویارک میں اقوامِ متحدہ (UN) کے ہیڈکوارٹر کے سامنے احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا تاکہ کشمیر کی آواز پوری دنیا تک پہنچائی جا سکے۔

کشمیری ڈائسپورا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر گزشتہ چار مہینوں سے شدید فوجی محاصرے کی زد میں ہے، جبکہ راولاکوٹ سمیت مختلف علاقوں میں فورسز کی کارروائیوں میں معصوم بچوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

دوسری جانب کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے عالمی سطح پر بھی احتجاجی تحریک زور پکڑ رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق برطانیہ میں دو مختلف مقامات پر کشمیری عوام کی حمایت میں دھرنے جاری ہیں، جبکہ یورپی دارالحکومت برسلز اور امریکہ کے مختلف شہروں میں بھی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

ڈائسپورا کمیونٹی نے امریکہ میں مقیم تمام کشمیری شہریوں اور انسانی حقوق کے علمبرداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان مظاہروں میں بھرپور شرکت کر کے ریاستی جبر کے خلاف آواز بلند کریں۔

Share this content: