ایمنسٹی انٹرنیشنل کا وزیراعظم کشمیر کو خط؛ جیک پر پابندی، فائرنگ اور انٹرنیٹ بندش پر اظہارِ تشویش

ایمنسٹی انٹرنیشنل کی نئی رپورٹ: اے جے کے میں جبری پابندیوں، فائرنگ اور انٹرنیٹ بلیک آؤٹ کے خلاف سخت تشویش کا اظہار؛ جے اے سی پر پابندی ختم کرنے اور فائرنگ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے ساؤتھ ایشیا ریجنل آفس نے پاکستان کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے نو منتخب وزیراعظم سید افتخار علی گیلانی کے نام جاری کردہ ایک تفصیلی اور اہم خط (رپورٹ) میں خطے میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں، سویلینز پر طاقت کے استعمال، جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (JAAC) پر پابندی اور طویل انٹرنیٹ شٹ ڈاؤن پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کی ڈپٹی ریجنل ڈائریکٹر ازابیل لاسی (Isabelle Lassée) کی جانب سے 13 نومبر 2026 کو جاری کردہ اس خط میں حکومتِ وقت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر شہریوں کے بنیادی حقوق، آزادیِ اظہار، پُرامن اجتماع اور نقل و حرکت کی آزادی کو یقینی بنائے۔

رپورٹ کے اہم نکات:

جے اے سی پر پابندی اور فورتھ شیڈول کا خاتمہ: ایمنسٹی نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (JAAC) کو انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت کالعدم قرار دینے اور سیکڑوں کارکنان کو ‘فورتھ شیڈول’ میں ڈالنے کے عمل کو بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے فوری طور پر پابندی اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

راولاکوٹ میں فائرنگ اور ہلاکتوں کی شفاف تحقیقات: رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ جون اور جولائی کے دوران ہونے والے مظاہروں میں مبینہ طور پر 90 کے قریب افراد ہلاک ہوئے، جبکہ 5 نومبر کو راولاکوٹ میں احتجاج کے دوران سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے مزید 3 مظاہرین کی ہلاکت اور درجنوں کے زخمی ہونے کے واقعات پیش آئے۔ ایمنسٹی نے فورسز کی جانب سے مبینہ طور پر ڈرونز اور گولیوں کے استعمال کی شفاف، غیر جانبدارانہ اور فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

بغیر تفتیش گرفتاریاں اور حراستیں: تنظیم نے سیکڑوں مظاہرین، کارکنان اور جے اے سی کے ارکان کی غیر قانونی حراست، انسدادِ دہشت گردی قوانین کے تحت بلاجواز مقدمات اور بعض افراد کی گمشدگیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے تمام جبری قید افراد کی فوری رہائی پر زور دیا ہے۔

طویل انٹرنیٹ بلیک آؤٹ: رپورٹ میں خطے میں 5 جون سے جاری طویل انٹرنیٹ اور موبائل نیٹ ورک بندش کو آزادیِ اظہار کی صریح خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے، جس نے باغ، ڈھیرکوٹ، کوٹلی، راولاکوٹ اور سدھنوتی سمیت مختلف علاقوں کو مہینوں سے مفلوج کر رکھا ہے۔ ایمنسٹی نے تمام مواصلاتی خدمات مکمل طور پر بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

Share this content: