کوٹلی بائی پاس سے اسلحے سے لدی 25 گاڑیوں کا قافلہ روانہ، پنجیڑہ اور سرساوا پانچ روز سے محاصرے میں

پاکستان کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں پاکستانی فورسز کی غیر معمولی نقل و حرکت اور عوامی مزاحمت میں شدت آ گئی ہے، جہاں کوٹلی بائی پاس سے اسلحہ و فوجی سازوسامان سے لدی 20 سے 25 فوجی گاڑیوں کا ایک بڑا قافلہ گزرا ہے، جبکہ پنجیڑہ اور سرساوا کے علاقے گزشتہ پانچ روز سے شدید محاصرے اور کشیدگی کی زد میں ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق کوٹلی بائی پاس سے گزرنے والے فوجی قافلے میں شامل گاڑیوں میں لکڑی کے بڑے صندوق لدے ہوئے تھے جن میں مبینہ طور پر اسلحہ اور جنگی سازوسامان موجود تھا، جبکہ قافلے کے ہمراہ فورسز کی بھاری نفری بھی تعینات تھی۔ علاقہ مکینوں اور عوامی حلقوں کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ فوجی کمک اور اسلحے کی یہ منتقلی خطے میں جاری عوامی مزاحمت کو کچلنے کے لیے کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب سرساوا سے پلندری روڈ پر تقریباً 4 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع علاقہ پنجیڑہ گزشتہ پانچ دنوں سے مکمل محاصرے میں ہے، جس کے باعث مقامی آبادی گھروں کے اندر محصور ہو کر رہ گئی ہے۔ صورتحال کی سنگینی کے پیشِ نظر مساجد سے اعلانات کر کے شہریوں بالخصوص بچوں کو گھروں کے اندر رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق پنجیڑہ میں فورسز کے اہلکار پندکاری مسجد اور بل اسکول میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں، جہاں مقامی عوام کی جانب سے اعلانات کیے گئے ہیں کہ فورسز اہلکار خود کو عوام کے حوالے کر دیں۔ ادھر سرساوا میں فورسز تین مختلف مقامات بوائز کالج، ریسٹ ہاؤس بلوچ روڈ اور سیری کراس پر موجود ہیں، جبکہ سیری کراس سے ضلع پونچھ میں داخل ہونے والے مقامی راستے پر پکی ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ کشمیر موڑ پر ڈٹے مظاہرین گزشتہ تین ماہ سے راولاکوٹ کے ساتھ کیے گئے دفاعی معاہدے پر عمل درآمد کرتے ہوئے جدید ہتھیاروں اور اسنائپرز کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں، جس کے باعث خطے میں کشیدگی بدستور برقرار ہے۔

Share this content: