راولاکوٹ اور پنجیڑہ میں فورسز کی مسلسل فائرنگ، لوگوں میں شدید خوف و ہراس

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے مختلف علاقوں میں پاکستانی سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں اور فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث شہری آبادی میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

مقامی ذرائع اور عینی شاہدین کے مطابق راولاکوٹ کے علاقے متیالمیرہ بس ٹرمینل کے اطراف میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے فائرنگ کی جا رہی ہے۔ سامنے آنے والی ویڈیو فوٹیج میں علاقے میں مسلسل گولیاں چلنے کی آوازیں سنی جا سکتی ہیں۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے دوران گولیاں رہائشی گھروں کو بھی لگ رہی ہیں، جس سے شہریوں کی جان و مال کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔

دوسری جانب ضلع کوٹلی کے علاقے پنجیڑہ میں بھی صورتحال کشیدہ ہے، جہاں مقامی ذرائع کے مطابق دن رات وقفے وقفے سے فائرنگ کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ جاری کارروائیوں اور کشیدہ صورتحال کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو چکے ہیں اور عوام گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

Share this content: