پنجیڑہ اور سرساوا میں جرگے کی فورسز کو دی گئی مہلت ختم، علاقے میں مکمل ہڑتال اور نئی مورچہ بندی

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے علاقوں پنجیڑہ اور سرساوا میں کشیدگی بدستور برقرار ہے، جہاں مقامی جرگے کی جانب سے پاکستانی فورسز کے انخلاء کے لیے دی گئی آج شام 4 بجے کی مہلت گزر جانے کے باوجود کوئی فورس واپس نہیں گئی۔

مقامی ذرائع کے مطابق فورسز کی عدم واپسی کے باعث پنجیڑہ شہر آج بھی مکمل طور پر بند رہا۔ علاقے میں گزشتہ سات سے آٹھ روز سے مسلسل شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے اور آمدورفت کے تمام راستے بند ہونے کی وجہ سے معمولاتِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔

دوسری جانب علاقے میں فورسز کی نئی نقل و حرکت بھی دیکھی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق فورسز نے پیچھے ہٹنے کے بجائے سرساوا کی اونچی پہاڑیوں اور عمارتوں پر نئے مورچے قائم کر لیے ہیں، جس سے مقامی آبادی میں تشویش پائی جاتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فی الحال علاقے میں فائرنگ کی کوئی اطلاع نہیں ملی اور صورتحال بظاہر پُرامن ہے، تاہم جاری تعطل اور کشیدگی کے باعث آئندہ کی صورتحال کے حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔

Share this content: