جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے کشمیری عوام کی جاری جدوجہد کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے پر پشتون عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔
عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جموں کشمیر کے عوام گزشتہ تقریباً چار برس سے اپنی زمین، وسائل پر حقِ ملکیت، حقِ حکمرانی، سستی بجلی، عوام دوست قوانین، عدالتی اصلاحات، حکمران اشرافیہ کی مراعات کے خاتمے اور امن کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
بیان کے مطابق، جب بھی کشمیری عوام نے اپنے بنیادی حقوق کے لیے احتجاج یا مارچ کیا، ریاستی طاقت کے استعمال کے ذریعے تحریک کو دبانے کی کوشش کی گئی اور اس دوران متعدد نوجوان جان سے گئے۔
عوامی ایکشن کمیٹی نے دعویٰ کیا کہ مظفرآباد کی جانب لانگ مارچ کے موقع پر بھی طاقت کا استعمال کیا گیا، جس کے نتیجے میں مزید ہلاکتیں ہوئیں، جبکہ بعد ازاں حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا جس پر عمل درآمد کے لیے 90 روز کی مدت مقرر کی گئی تھی۔ کمیٹی کے مطابق مقررہ مدت میں معاہدے پر مکمل عمل درآمد نہ ہونے کے بعد دوبارہ احتجاج اور لانگ مارچ کی کال دی گئی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جون 2026ء میں حکومت کی جانب سے جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور اس سے وابستہ تنظیموں کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کیا گیا۔ کمیٹی کے مطابق 5 جون کو تحریک کے رہنما سردار عمر نذیر کشمیری کے قافلے پر حملہ کیا گیا، جس میں کارکن شاہ زیب حبیب جاں بحق جبکہ سردار عمر نذیر کشمیری زخمی ہوئے۔
کمیٹی کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد کشمیری عوام احتجاج کے لیے سڑکوں پر نکلے، تاہم 7 جون کو پُرامن دھرنے کے خلاف بھی ریاستی طاقت استعمال کی گئی، جس کے نتیجے میں متعدد نوجوانوں کی ہلاکت اور زخمی ہونے کے واقعات پیش آئے۔
بیان میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ 9 جون کو احتجاجی مارچ کو روکنے کے لیے مختلف علاقوں میں کرفیو نافذ کیا گیا، راستے بند کیے گئے اور اہم مقامات پر سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے۔ کمیٹی کے مطابق 5 جون سے اب تک بڑی تعداد میں افراد گرفتار، لاپتہ یا زخمی ہوئے ہیں۔
جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے الزام عائد کیا کہ پُرامن کشمیری مظاہرین کے خلاف جدید ہتھیاروں کا استعمال کیا جا رہا ہے اور خطے میں شہری آزادیوں، سیاسی سرگرمیوں اور جمہوری حقوق کو محدود کر دیا گیا ہے۔
بیان میں پشتون عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا گیا کہ پشتون قوم بھی ریاستی جبر اور عسکریت پسندی سے متاثر رہی ہے اور کشمیری عوام نے ہمیشہ مظلوم اقوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
کمیٹی نے پشتون تاریخ میں بابڑہ جیسے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پشتون عوام کی مزاحمت کی تاریخ ظلم اور ریاستی جبر کے خلاف جدوجہد کی علامت ہے۔ بیان میں باچا خان کی عدم تشدد کی سیاست کو بھی پشتون مزاحمتی روایت کا اہم حصہ قرار دیا گیا۔
عوامی ایکشن کمیٹی نے پشتون تحفظ موومنٹ کی جانب سے کشمیری، پشتون، سندھی اور بلوچ عوام کے درمیان قومی یکجہتی اور جمہوری حقوق کے لیے مشترکہ جدوجہد کے مؤقف کا خیر مقدم کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام قوموں کے قومی تشخص، سیاسی و جمہوری حقوق، اپنے وسائل پر حقِ ملکیت اور حقِ حکمرانی کو تسلیم کرنا ہی ایک منصفانہ معاشرے کی بنیاد ہے۔
جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے کہا کہ مختلف مظلوم قومیتوں اور عسکری طبقات کے درمیان باہمی احترام اور مشترکہ جدوجہد کے ذریعے ہی ریاستی جبر، عسکریت پسندی اور سیاسی محرومی کے خلاف مؤثر آواز بلند کی جا سکتی ہے۔
کمیٹی نے امید ظاہر کی کہ کشمیری عوام اپنی زمین، وسائل پر حقِ ملکیت، حقِ حکمرانی اور باوقار زندگی کے مطالبات کے لیے جاری جدوجہد کو آگے بڑھائیں گے۔
بیان کے اختتام پر کمیٹی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ کشمیری، پشتون اور دیگر مظلوم اقوام کو قومی و طبقاتی جبر سے نجات عطا کرے۔
Share this content:


