باغ /کاشگل نیوز
پاکستان زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے ضلع باغ میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کو آدھے بازار میں روک دیے جانے کے بعد انتظامیہ کی حکمت عملی پر کئی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ آپریشن کے دوران متاثر ہونے والے تاجروں اور غریب ہاکروں میں تشویش پائی جا رہی ہے، جبکہ شہری حلقوں کی جانب سے کارروائی میں یکساں پالیسی اختیار کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
متاثرہ تاجروں کا سوال ہے کہ جن کاروباری افراد کو لاکھوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا، کیا انتظامیہ ان کے نقصان کا ازالہ کرے گی؟ اگر تجاوزات کے خلاف آپریشن ضروری تھا تو اسے پورے شہر میں یکساں طور پر کیوں نہیں جاری رکھا گیا؟ آدھے بازار میں کارروائی روکنے کی وجوہات بھی تاحال واضح نہیں ہو سکیں۔
شہری حلقوں کی جانب سے یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ کیا تجاوزات کے خلاف کارروائی صرف ریڑھی بانوں، چھوٹے دکانداروں اور غریب ہاکروں تک محدود رہے گی یا بڑے پلازوں اور دیگر بااثر کاروباری شخصیات کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی؟
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ پانچ ہزار روپے روزانہ کما کر اپنے بچوں کا پیٹ پالنے والے غریب محنت کشوں کا روزگار ختم کرنا مسئلے کا مستقل حل نہیں۔ انتظامیہ کو چاہیے کہ قانون کی عملداری کے ساتھ متاثرہ افراد کے روزگار اور معاشی مشکلات کو بھی مدنظر رکھے۔
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ آپریشن کے حوالے سے واضح پالیسی سامنے لائی جائے، متاثرہ تاجروں کے نقصان کا ازالہ کیا جائے اور تجاوزات کے خلاف کارروائی میں امیر و غریب کی تفریق کے بغیر یکساں قانون نافذ کیا جائے۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ انتظامیہ آدھے بازار میں آپریشن روکنے کی وجوہات واضح کرتی ہے، پورے شہر میں بلاامتیاز کارروائی آگے بڑھاتی ہے یا متاثرہ غریب تاجروں اور ہاکروں کے سوالات بدستور جواب کے منتظر رہتے ہیں۔
Share this content:


