کشمیر میں شدید کشیدگی: مظفرآباد، راولاکوٹ، کوٹلی اور ڈڈیال میں جھڑپیں، فائرنگ اور شیلنگ

مظفرآباد / کاشگل نیوز

جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے ریاستی جبر اور طاقت کے استعمال کے خلاف دی گئی احتجاجی کال اور طلبہ کے سڑکوں پر نکلنے کے اعلان کے بعد آج پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے مختلف شہروں میں حالات انتہائی کشیدہ ہو گئے ہیں۔ مظفرآباد، راولاکوٹ، کوٹلی اور ڈڈیال میں پاکستانی سکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان شدید تصادم، فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی اطلاعات ہیں۔

تازہ ترین گراؤنڈ رپورٹس کے مطابق دارالحکومت مظفرآباد کے عیدگاہ روڈ پر نوجوانوں کا احتجاج جاری ہے، جہاں سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری پہنچ گئی ہے۔ فورسز کی جانب سے احتجاج کرنے والے نوجوانوں کو منتشر کرنے کے لیے شدید آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج شروع کر دیا گیا ہے، جس کے باعث مظاہرین اور فورسز کے مابین جھڑپیں جاری ہیں۔

دوسری جانب راولاکوٹ سے انتہائی تشویشناک اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، جہاں عمر فاروق چوک اور بس ٹرمینل کے اطراف سکیورٹی فورسز کی جانب سے شدید فائرنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے اور دھماکوں کی آوازیں بھی سنائی دی گئی ہیں۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز کی طرف سے نہتے شہریوں کے خلاف ایسے مہلک ہتھیاروں سے فائرنگ کی جا رہی ہے جن کے استعمال پر جنگوں میں بھی پابندی عائد ہوتی ہے۔

اسی طرح کوٹلی کے شہید چوک میں بھی پولیس اور فورسز کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے، جبکہ یونیورسٹی آف کوٹلی کے احاطے میں بھی پولیس کی گاڑیاں پہنچا دی گئی ہیں تاکہ طلبہ کے احتجاج کو روکا جا سکے۔ ادھر ڈڈیال کے شہید چوک میں بھی کسی بھی ممکنہ احتجاج سے نمٹنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے نہتے شہریوں اور عوامی تحریک کے خلاف پاکستانی فورسز کے طاقت کے بے دریغ استعمال کے خلاف آج ریاست بھر میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے، جس کی حمایت میں ریاست بھر کے طلبہ نے بھی تعلیمی اداروں کا بائیکاٹ کر کے سڑکوں پر نکلنے کا اعلان کیا ہے۔

Share this content: