پاکستان اور آزاد کشمیر میںکاشگل نیوز کے بعد JKHRO اور JKJAAC کی ویب سائٹس بھی بلاک

حکومتِ پاکستان نے جموں کشمیر ہیومن رائٹس آبزرویٹری (JKHRO) اور جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (JKJAAC) کی ویب سائٹس کو پاکستان اور کشمیر میں بلاک کر دیا ہے، جبکہ آزادی صحافت اور خطے کی حقیقی صورتحال کو اجاگر کرنے کی پاداش میں” کاشگل نیوز "کو بھی ایک برس قبل کشمیر سمیت پاکستان بھر میں بند کردیا گیاہے۔

اطلاعات کے مطابق انسانی حقوق کی آواز اور عوامی معلومات تک رسائی روکنے کے لیے ان ویب سائٹس تک رسائی محدود کی گئی ہے۔ ناظرین اور صارفین سے کہا گیا ہے کہ وہ وی پی این (VPN) کے ذریعے ان ویب سائٹس تک رسائی حاصل کریں اور معلومات کو زیادہ سے زیادہ شیئر کریں تاکہ حقائق سامنے آ سکیں۔

مقامی حلقوں اور صحافتی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتِ پاکستان اور عسکری حکام اپنی کارروائیوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو چھپانے کے ساتھ ساتھ عوامی تحریک کو دبانے اور اسے دہشت گردی کے رنگ میں پیش کرنے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں، جبکہ مین اسٹریم پاکستانی میڈیا بھی ان بیانیوں اور پابندیوں کے دائرے میں کاربند نظر آتا ہے۔

انسانی حقوق کے کارکنوں اور صحافتی حلقوں نے انٹرنیٹ اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر پابندیوں کو معلومات کے آزادانہ بہاؤ اور بنیادی حقوق کے خلاف قرار دیتے ہوئے اس پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

Share this content: