جامعہ پونچھ پانچ ماہ سے غیر اعلانیہ بند، طلبہ کا فیسوں کے بائیکاٹ کا اعلان

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں جامعہ پونچھ کے طلبہ نے گزشتہ پانچ ماہ سے جامعہ کے غیر اعلانیہ طور پر بند ہونے کے باوجود فیسوں کے مطالبے پر احتجاج کرتے ہوئے فیسوں کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔

گزشتہ روز راولاکوٹ میں طلبہ کے احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے طلبہ رہنما اسامہ نواز نے کہا کہ جامعہ پونچھ گزشتہ پانچ ماہ سے غیر اعلانیہ طور پر بند ہے، تاہم پانچ ماہ بعد انتظامیہ کو طلبہ سے فیسیں وصول کرنے کی یاد آ گئی ہے۔

اسامہ نواز نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ جامعہ پونچھ کی فیسوں کا مکمل بائیکاٹ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب جامعہ میں تدریسی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری نہیں تو طلبہ سے فیسوں کی وصولی کا مطالبہ بھی قابلِ قبول نہیں۔

طلبہ رہنما نے کہا کہ طلبہ کے مسائل حل کیے بغیر فیسوں کا مطالبہ کرنا انتظامیہ کے لیے مزید احتجاج کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔

طلبہ نے مطالبہ کیا ہے کہ جامعہ پونچھ میں تعلیمی سرگرمیاں بحال کی جائیں اور طلبہ کو درپیش مسائل کا فوری حل نکالا جائے۔

یاد رہے کہ گذشتہ روزجموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر طلبااتحاد مظاہرے کی اجتماع میں راولاکوٹ میں جامعہ پونچھ کے طلبہ و طالبات اپنے فیس چالان نذر آتش کردیے تھے ۔

Share this content: