باغ: خواتین کی گرفتاری ریاستی جبر اور حکمرانوں کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے، اظہر رشید

جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی باغ کے رکن اظہر رشید نے 22 نومبر کو عوامی حقوق کی تحریک کے حق میں احتجاج کرنے والی خواتین کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پُرامن احتجاج کے دوران خواتین کو گرفتار کرنا ریاستی جبر اور حکمرانوں کی بوکھلاہٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ایک بیان میں اظہر رشید نے الزام عائد کیا کہ ضلع انتظامیہ نے احتجاج کرنے والی خواتین کو غیر ریاستی فورسز کے ذریعے گرفتار کیا، جو ان کے بقول ریاستی جبر کی ایک نئی مثال ہے۔

انہوں نے گرفتار ہونے والی خواتین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پُرامن احتجاج کے دوران اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والی خواتین نے جرأت اور حوصلے کا مظاہرہ کیا ہے۔

اظہر رشید نے باغ کے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان اقدامات کے خلاف فیصلہ کن جدوجہد میں شامل ہوں جو ان کے بقول آئین، قانون اور بالخصوص خطے کی روایات کو سبوتاژ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام متحد ہو کر حکمرانوں کے ’’یزیدی عزائم‘‘ کو شکست دیں اور عوامی حقوق کی تحریک کو کامیاب بنائیں۔

Share this content: