سابق وزیراعظم آزاد کشمیر اور صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان کے اثاثوں کی تفصیلات؟

کاشگل نیوزخصوصی تحقیقاتی سیریز: اقتدار اور اثاثے

اسٹوری: فرحان طارق / مظفرآباد


عوامی عہدوں پر فائز شخصیات کے عوامی بیانات اور سرکاری دستاویزات میں درج حقائق کے درمیان کتنا فرق ہوتا ہے؟

کاشگل نیوز کی خصوصی تحقیقاتی سیریز ’اقتدار اور اثاثے‘ میں ہم پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی بااثر سیاسی شخصیات اور حکمرانوں کے انتخابی گوشواروں، جائیدادوں، بینک اکاؤنٹس اور ذرائع آمدن کا دستاویزی ریکارڈ عوام کے سامنے لا رہے ہیں۔جیسے سیاست دانوں کے عوامی بیانیے اور الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے سرکاری گوشواروں کی حقیقت کیا ہے؟

اس سیریز کا مقصد محض اعداد و شمار پیش کرنا نہیں، بلکہ عوامی احتساب اور مالی شفافیت کے تقاضوں کو اجاگر کرنا ہے۔

پیش ہے اس سلسلے کی پانچویں کڑی، جو سابق وزیرِ اعظم اور اور آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان کے مالی معاملات اور اثاثہ گوشوارے کا احاطہ کرتی ہے۔ کاشگل نیوز

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے سابق وزیراعظم اور آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان کے الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے اثاثوں کے گوشواروں میں ان کی زرعی اراضی، رہائشی جائیداد، بینک اکاؤنٹس، گاڑی، زیورات اور دیگر اثاثوں کی تفصیلات درج ہیں۔

گوشواروں کے مطابق سردار عتیق احمد خان کے نام مکھیالہ، دھیرکوٹ میں 34 کنال 3 مرلہ زرعی بنجر قدیم رقبہ معہ مکان درج ہے۔

اس کے علاوہ ان کے نام 9 کنال 6 مرلہ ذاتی ملکیتی زرعی بنجر قدیم رقبہ بھی مکھیالہ، دھیرکوٹ میں موجود ہے۔

گوشواروں میں اہلیہ اور بچوں کی مشترکہ ملکیت میں راولپنڈی کے سیٹلائٹ ٹاؤن میں مکان نمبر A-83، رقبہ ایک کنال 14 مرلہ بھی درج کیا گیا ہے۔

دستاویزات کے مطابق سردار عتیق احمد خان کی اہلیہ کے نام 2001 ماڈل ٹویوٹا کرولا بھی درج تھی، جو گوشوارے میں چوری شدہ ظاہر کی گئی ہے۔ ان کی اہلیہ کے پاس 20 تولہ طلائی زیورات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔

بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات کے مطابق سردار عتیق احمد خان کے نام بینک الفلاح، ایف-7 اسلام آباد میں ایک ذاتی اکاؤنٹ موجود ہے، جس میں گوشوارے کے مطابق 91 ہزار 480 روپے موجود تھے۔

نیشنل بینک، چھتر دومیل مظفرآباد میں ان کے ایک ذاتی اکاؤنٹ کا موجودہ بیلنس 2 لاکھ 15 ہزار روپے ظاہر کیا گیا ہے۔

گوشواروں میں حبیب بینک فیض آباد راولپنڈی میں ایک مشترکہ اکاؤنٹ بھی درج ہے، جس میں 4 ہزار 136 روپے موجود تھے، تاہم اسے غیر فعال قرار دیا گیا ہے۔

اسی طرح الائیڈ بینک ایف-7/2 اسلام آباد میں ایک مشترکہ اکاؤنٹ میں 2 ہزار 625 روپے موجود تھے اور اسے بھی غیر فعال ظاہر کیا گیا ہے۔

اہلیہ کے مشترکہ اکاؤنٹ، بینک الفلاح اسلام آباد، میں 99 ہزار 500 روپے کا بیلنس درج ہے۔ جبکہ اہلیہ کے الائیڈ بینک، آبپارہ اسلام آباد کے اکاؤنٹ میں 20 ہزار 160 روپے موجود تھے۔

گوشواروں میں مسلم کمرشل بینک، فیض آباد راولپنڈی میں اہلیہ کے ایک اکاؤنٹ کو بھی غیر فعال ظاہر کیا گیا ہے۔

دستاویز کے مطابق سردار عتیق احمد خان کی ذاتی ملکیت میں مختلف کتب پر مشتمل ایک لائبریری بھی ہے، جس کی مالیت 3 لاکھ 50 ہزار روپے ظاہر کی گئی ہے۔

اثاثوں کے گوشوارے میں سردار عتیق احمد خان کی ماہانہ آمدن ایک لاکھ 75 ہزار روپے ظاہر کی گئی ہے، جو انہیں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے تنخواہ کی مد میں حاصل ہوتی ہے۔

سردار عتیق احمد خان دو مرتبہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے وزیراعظم رہ چکے ہیں، جبکہ ان کے والد سردار عبدالقیوم خان بھی وزیراعظم، صدر اور دیگر اہم حکومتی عہدوں پر فائز رہے۔ سردار عتیق احمد خان اس وقت آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر ہیں، جو خطے کی قدیم سیاسی جماعتوں میں شمار ہوتی ہے۔

نوٹ: یہ تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے اثاثوں کے گوشوارے میں درج معلومات پر مبنی ہیں۔ ان میں کسی اثاثے کی موجودہ مارکیٹ ویلیو یا ملکیت کی آزادانہ تصدیق شامل نہیں۔

Share this content: