فرحان طارق /مظفرآباد
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں سابق وزرائے اعظم کے اثاثوں پر کاشگل نیوز کی تحقیقاتی اسٹوریز کے بعد الیکشن کمیشن کا ستمبر کی تاریخ والا نوٹیفکیشن منظرِ عام پر آ گیا۔
الیکشن کمیشن نے انتخابی امیدواروں کی جانب سے اثاثوں اور ذاتی معلومات سے متعلق غلط یا گمراہ کن تفصیلات جمع کرانے کے معاملے پر قانونی رائے جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو فوجداری کارروائی، دس سال تک انتخاب لڑنے سے نااہلی اور جرمانے سمیت دیگر سزاؤں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں AJ&K Elections Act 2020 کے سیکشن 79 کے حوالے سے قانونی رائے دی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق الیکشن ایکٹ کے سیکشن 78 کے تحت قانون ساز اسمبلی کا الیکشن لڑنے والے ہر شخص پر لازم ہے کہ وہ اپنی جائیدادوں اور اثاثوں کا گوشوارہ چیف الیکشن کمشنر کے سامنے جمع کرائے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اگر کوئی شخص جان بوجھ کر غلط یا جعلی گوشوارہ جمع کراتا ہے یا قانون کے تحت مطلوبہ اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرواتا تو اسے مجاز دائرہ اختیار کی عدالت سے سزا دی جا سکتی ہے۔
نوٹیفکیشن میں سیکشن 79 کے تحت درج سزا کی وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی ثابت ہونے کی صورت میں سات سال تک قید، دس سال کے لیے الیکشن لڑنے سے نااہلی، جرمانہ یا جائیداد اور اس کے کسی حصے کی ضبطی کی سزا دی جا سکتی ہے۔
الیکشن کمیشن کی قانونی رائے کے مطابق AJ&K Elections Act 2020 یا اس کے تحت بنائے گئے قواعد میں ’’مجاز دائرہ اختیار کی عدالت‘‘ کی باقاعدہ تعریف موجود نہیں، تاہم اس اصطلاح کا مطلب ایسی متعلقہ علاقائی عدالت لیا جائے گا جسے پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں نافذ ضابطہ فوجداری کے تحت متعلقہ نوعیت کے جرائم کی سماعت کا اختیار حاصل ہو۔
واضح رہے کہ کاشگل نیوز کی جانب سے پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے سیاست دانوں کے اثاثوں کے متعلق تحقیقاتی اسٹوریز کا سلسلہ جاری ہے، جس کے تحت اب تک چار سابق وزرائے اعظم کے اثاثوں پر تفصیلی اسٹوریز شائع ہو چکی ہیں۔
دستیاب دستاویزات اور شواہد کے مطابق کاشگل نیوز پر سابق وزرائے اعظم کے اثاثوں سے متعلق ان تحقیقاتی رپورٹس کے منظرِ عام پر آنے کے بعد حکومتی حلقوں میں اس معاملے پر حرکت دیکھنے میں آئی ہے، جبکہ دلچسپ امر یہ ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اس نوٹیفکیشن پر ستمبر کی تاریخ درج ہے۔
الیکشن کمیشن کے اس نوٹیفکیشن کے بعد پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں ان ارکانِ اسمبلی کے لیے قانونی مشکلات بڑھ سکتی ہیں جن کے بارے میں اثاثوں یا ذاتی معلومات کے گوشواروں میں مبینہ طور پر غلط تفصیلات فراہم کرنے کی شکایات موجود ہیں۔
Share this content:


