مظاہرین کے قتل کا فیصلہ ہو چکا، اگر قتلِ عام ہوا تو انڈیا فائدہ اٹھائے گا، جیشِ محمد کے کمانڈر مسعود الیاس کا جرگہ سے خطاب

جرگہ میں مسعود الیاس کا بیان اور عمر نذیر کا حوالہ، راولاکوٹ دھرنا اور کشمیر کی عوامی تحریک پر مبینہ ریاستی و مسلح گروہوں کے کردار کی تفصیلات

کاشگل نیوز ڈیسک:

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں جاری عوامی حقوق کی تحریک اور راولاکوٹ دھرنے کے پس منظر میں منعقدہ ایک جرگے کے دوران عالمی دہشت گرد تنظیم جیش محمد کے کمانڈر مسعود الیاس کے بیان اور کشمیر کی پانچ ماہ سے زائد جاری صورتِ حال کی نئی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔

جرگہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے مسعود الیاس نے کہا کہ وہ ضمانت دیتے ہیں کہ راولاکوٹ چل کر بات سنی جائے گی اور کوئی بدتمیزی نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سب ساتھ مل کر چلیں، وہاں کا سفر کریں، لوگوں کو قتل ہوتا ہوا نہ دیکھیں اور ان کے گھر اجڑے ہوئے نہ دیکھیں۔ مسعود الیاس کے مطابق کشمیر اور پاکستان میں ان کی نمائندگی ختم کر دی گئی ہے۔

اسی گفتگو کے دوران مسعود الیاس نے جموں کمشیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے متحرک رہنما سردار عمر نذیر کشمیری کی بات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عمر نذیر نے کہا تھا کہ سیاستدان آئیں، بااختیار ہو کر آئیں اور اگر بااختیار نہیں بھی ہیں، تو کم از کم چلیں تو سہی اور اپنے لوگوں کے پاس بیٹھیں۔

مسعود الیاس نے مزید کہا کہ پاکستان کے ایوانوں میں مظاہرین کو قتل کرنے کا فیصلہ ہو چکا ہے اور کشمیر کی کوئی بھی قیادت اس پر اثر انداز ہونے کی قابلیت نہیں رکھتی۔ ان کے مطابق مل کر چلنا چاہیے، عوام کے مجرم نہیں بننا چاہیے اور اگر وہاں قتل عام ہوا تو انڈیا اس سے فائدہ اٹھا سکتا ہے، جس پر انہوں نے سوال اٹھایا کہ تب لوگ کس طرف کھڑے ہوں گے۔

فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق کشمیر میں گزشتہ پانچ مہینوں سے زائد عرصے سے عوامی تحریک متحرک اور سرگرم انداز میں جاری ہے، جبکہ راولاکوٹ میں پانچ مہینوں سے دھرنا جاری ہے۔عوامی حلقوں کے مطابق پوری ریاست کشمیر کا پاکستانی فوج نے محاصرہ کر رکھا ہے اور اہلیانِ کشمیر گزشتہ پانچ مہینوں سے اشیائے خوردونوش اور ادویات کی قلت کا سامنا کر رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق گزشتہ پانچ مہینوں کے دوران پاکستانی فورسز کی فائرنگ اور ڈرون حملوں سے 125 سے زائد نہتے مظاہرین ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ ہزاروں افراد کو جبری لاپتہ اور جیلوں میں بند کیا گیا ہے، جن میں جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنما بھی شامل ہیں۔ تاہم ان ریاستی جبر کے باوجود تحریک نہ تو رکی ہے اور نہ ہی کمزور ہوئی ہے، بلکہ خواتین مکمل طور پر تحریک کا حصہ بن چکی ہیں اور بچے بھی اس میں شامل ہو گئے ہیں، جسے پاکستانی حکمرانوں کے لیے ایک خطرے کی گھنٹی قرار دیا جا رہا ہے۔

مواد میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اب کھلم کھلا جیش محمد کے کمانڈر مسعود الیاس کو متحرک کر کے تحریک کو کاؤنٹر کرنے کی حکمتِ عملی ترتیب دی جا رہی ہے، جہاں جرگہ میں ان کا کہنا ہے کہ اگر جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے مذاکرات نہ کیے گئے تو انڈیا اس سے فائدہ اٹھائے گا۔

مزید کہا گیا ہے کہ جو مسلح شدت پسند تنظیمیں انڈیا سمیت دیگر ممالک میں کارروائیاں کرتی ہیں، وہ پاکستانی فوج کی سکیورٹی میں پاکستان میں محفوظ زندگی بسر کرتی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کشمیر میں گزشتہ پانچ مہینوں سے زائد عرصے کے دوران نہتے مظاہرین پر ہونے والی فائرنگ میں پاکستانی فورسز کے ہمراہ سول کپڑوں میں ملبوس افراد کو مظاہرین پر گولیاں چلاتے ہوئے دیکھا گیا ہے، جن کی باقاعدہ بصری فوٹیج (ویژولز) موجود ہیں۔

مواد میں کہاکیا گیا ہے کہ سول لباس میں ملبوس یہ افراد جیش محمد اور حافظ سعید کی جماعت الدعوۃ سے وابستہ ہیں، جو کشمیری عوامی تحریک کو متنازعہ بنانے کے لیے پاکستانی فوج کے شانہ بشانہ اپنی وفاداریاں نبھا رہے ہیں۔

Share this content: