جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے زیرِ صدارت عمائدین پونچھ کانفرنس کے اعلامیے پر جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی پونچھ نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کانفرنس کے اعلامیے میں عوامی تحریک کی تاریخ، جدوجہد اور مطالبات کو نظر انداز کیا گیا ہے۔
عوامی ایکشن کمیٹی پونچھ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جموں کشمیر کے عوام کو ان کی تاریخی روایات کے مطابق جاری جدوجہد پر مبارکباد دینے کے بجائے ایک ایسا موقف اختیار کیا گیا جس سے بقول کمیٹی، ریاستی جبر اور عوام دشمن اقدامات کے خلاف جاری تحریک کو کمزور کرنے کی کوشش محسوس ہوتی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی عوامی تحریک کی نمائندگی کرنے والی تحریک کی قیادت ہے، تاہم عمائدین پونچھ کانفرنس کے اعلامیے میں تحریک کے بنیادی مطالبات اور اس کی تاریخ کو درست طور پر بیان نہیں کیا گیا۔
عوامی ایکشن کمیٹی کے مطابق 2025 میں ہونے والے معاہدوں کی پاسداری کا مطالبہ درست ہے، تاہم سوال یہ ہے کہ جب عوامی تحریک کے خلاف کارروائیاں اور جانی نقصان ہوا تو اس وقت جے کے پی پی سمیت سیاسی جماعتوں نے حکومت پاکستان سے ان معاہدوں کی پاسداری کا مطالبہ کیوں نہیں کیا۔
بیان میں الزام عائد کیا گیا کہ 5 جون اور 7 جون کے واقعات اور اس کے بعد ہونے والی کارروائیوں پر خاموشی اختیار کی گئی، جبکہ اب عمائدین پونچھ کے نام پر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ کمیٹی نے کہا کہ عوامی تحریک کو ریاست مخالف قرار دینے یا اس کے خلاف بیانیہ بنانے کی کوششیں قابلِ قبول نہیں۔
عوامی ایکشن کمیٹی نے کہا کہ پونچھ کے عوام کو بیوقوف نہیں سمجھا جا سکتا اور جو لوگ عوامی حقوق کی تحریک کے خلاف موقف اختیار کرتے رہے ہیں، انہیں اپنے ماضی کے کردار پر قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔
بیان میں سردار خالد ابراہیم خان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ انہوں نے میرٹ، رواداری، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور عوامی حقوق کی پامالی کے خلاف آواز اٹھائی تھی۔ کمیٹی نے سوال اٹھایا کہ اگر عمائدین پونچھ کانفرنس میں عوامی مسائل زیرِ بحث لائے گئے تو 2025 کے واقعات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے معاملے پر واضح موقف کیوں اختیار نہیں کیا گیا۔
عوامی ایکشن کمیٹی نے 24 اکتوبر 1947 کے اعلانِ آزادی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پونچھ کو اس تحریک کا بانی اور موجودہ مرکز سمجھنا درست ہے، تاہم موجودہ عوامی تحریک صرف پونچھ تک محدود نہیں بلکہ بھمبر سے نیلم اور دیگر علاقوں تک پھیل چکی ہے اور اسے ریاست جموں کشمیر کے عوام کی تحریک کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پونچھ کے عوام نے ماضی میں بھی اپنے سیاسی اور جمہوری حقوق کے لیے جدوجہد کی اور ریاستی طاقت کے استعمال کے باوجود اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹے۔ کمیٹی نے کہا کہ آج بھی عوامی حقوق کی تحریک اسی تاریخی جدوجہد کا تسلسل ہے۔
عوامی ایکشن کمیٹی نے سردار خالد ابراہیم خان کے سیاسی کردار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تاریخ کی ستم ظریفی ہے کہ ایک وقت میں سردار ابراہیم خان عوام کے ساتھ کھڑے تھے، جبکہ آج ان کے خاندان کے بعض افراد کے سیاسی کردار پر عوامی حلقے سوال اٹھا رہے ہیں۔
بیان کے آخر میں عوامی ایکشن کمیٹی نے جموں کشمیر پیپلز پارٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ عوامی تحریک، اس کے مطالبات اور گزشتہ واقعات کے بارے میں اپنا موقف واضح کرے اور اگر وہ 24 اکتوبر 1947 کے اعلانِ آزادی کی روح سے وابستگی کا دعویٰ کرتی ہے تو موجودہ عوامی حقوق کی تحریک کے حوالے سے بھی واضح اور دوٹوک مؤقف اختیار کرے۔
Share this content:


