پونچھ میں گراؤنڈ آپریشن کی تیاریاں؟ طلال چوہدری کے بیان نے نئی تشویش پیدا کر دی

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے ضلع پونچھ میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے گزشتہ روز سابق صدر آزاد کشمیر و سابق سفیر سردار مسعود خان کی سربراہی میں چھ رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی کے قیام کے بعد آج وفاقی وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی پریس کانفرنس نے صورتحال کے حوالے سے نئی تشویش پیدا کر دی ہے۔

پونچھ کی صورتحال پر منعقدہ مشاورتی کانفرنس میں سیاسی رہنماؤں نے طاقت کے بجائے مذاکرات کے ذریعے مسئلے کے حل پر زور دیا تھا اور سردار مسعود خان کی سربراہی میں چھ رکنی کمیٹی قائم کی گئی تھی، جس کا مقصد تمام متعلقہ فریقین سے رابطہ کرکے کشیدگی کم کرنے اور قابلِ قبول حل تلاش کرنا ہے۔

تاہم اس پیش رفت کے اگلے ہی روز وفاقی وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی جانب سے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے خلاف سخت مؤقف سامنے آیا ہے۔

طلال چوہدری کی پریس کانفرنس سے متعلق سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے ایکشن کمیٹی کے ساتھ مزید نرمی نہ برتنے اور کارروائی آگے بڑھانے کا عندیہ دیا گیا ہے۔ ان کے بیان کو پونچھ، بالخصوص راولاکوٹ میں سکیورٹی فورسز کے ممکنہ گراؤنڈ آپریشن کی تیاریوں سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے۔

اگر یہ اطلاعات درست ثابت ہوتی ہیں تو ایک طرف سیاسی قیادت مذاکرات اور طاقت کے استعمال سے گریز پر زور دے رہی ہے جبکہ دوسری جانب وفاقی حکومت کی سطح سے سخت کارروائی کے اشارے سامنے آ رہے ہیں، جس سے پونچھ میں جاری کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

گزشتہ روز ہونے والی مشاورتی کانفرنس کے مشترکہ اعلامیے میں بھی پونچھ اور راولاکوٹ کی صورتحال کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے اور تمام فریقین کو اعتماد میں لینے پر زور دیا گیا تھا۔ کانفرنس نے موجودہ سیاسی قیادت سے پانچ روز کے اندر جامع مذاکراتی فریم ورک تشکیل دے کر بات چیت شروع کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

سردار مسعود خان نے بھی راولاکوٹ میں جاری احتجاج اور سکیورٹی آپریشن کو بیک وقت ختم کرنے کی تجویز دی تھی، جبکہ ان کی جانب سے ایکشن کمیٹی کو کالعدم تنظیموں کی فہرست سے نکالنے کے لیے قانونی طریقہ کار وضع کرنے اور کشیدگی کم کرنے کے لیے اعتماد سازی کے اقدامات کی تجاویز بھی سامنے آئی تھیں۔

ایسے میں طلال چوہدری کی جانب سے سخت کارروائی کے اشارے اور پونچھ میں ممکنہ گراؤنڈ آپریشن سے متعلق اطلاعات نے یہ سوال پیدا کر دیا ہے کہ آیا مذاکرات کے لیے قائم کی گئی چھ رکنی کمیٹی کو اپنا کردار ادا کرنے کا موقع ملے گا یا پونچھ میں ایک مرتبہ پھر طاقت کے استعمال کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔

دوسری جانب جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی پہلے ہی راولاکوٹ میں سکیورٹی کارروائیوں اور طاقت کے استعمال پر شدید ردعمل ظاہر کرچکی ہے۔ تاہم طلال چوہدری کی پریس کانفرنس میں مبینہ گراؤنڈ آپریشن کی تیاریوں سے متعلق اطلاعات کی آزادانہ تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی۔

صورتحال کا اگلا رخ اس بات پر منحصر ہوگا کہ حکومت مذاکرات کے لیے قائم کی گئی کمیٹی کو فعال کرتی ہے یا پونچھ میں سکیورٹی کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جاتا ہے۔

Share this content: