کشمیری عدالت کی جانب سے نا اہل قرار دیے گے سابق وزیراعظم تنویر الیاس کے اثاثے: گوشواروں میں اسلام آباد، راولاکوٹ اور دبئی کی جائیدادیں، کروڑوں کی سرمایہ کاری

کاشگل نیوزخصوصی تحقیقاتی سیریز: اقتدار اور اثاثے

اسٹوری: فرحان طارق / مظفرآباد


عوامی عہدوں پر فائز شخصیات کے عوامی بیانات اور سرکاری دستاویزات میں درج حقائق کے درمیان کتنا فرق ہوتا ہے؟

کاشگل نیوز کی خصوصی تحقیقاتی سیریز ’اقتدار اور اثاثے‘ میں ہم پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی بااثر سیاسی شخصیات اور حکمرانوں کے انتخابی گوشواروں، جائیدادوں، بینک اکاؤنٹس اور ذرائع آمدن کا دستاویزی ریکارڈ عوام کے سامنے لا رہے ہیں۔جیسے سیاست دانوں کے عوامی بیانیے اور الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے سرکاری گوشواروں کی حقیقت کیا ہے؟

اس سیریز کا مقصد محض اعداد و شمار پیش کرنا نہیں، بلکہ عوامی احتساب اور مالی شفافیت کے تقاضوں کو اجاگر کرنا ہے۔

پیش ہے اس سلسلے کی چھٹویں کڑی، جو سابق وزیرِ اعظم تنویرالیاس کے مالی معاملات اور اثاثہ گوشوارے کا احاطہ کرتی ہے۔ کاشگل نیوز

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے سابق وزیرِ اعظم اور سیاسی رہنما تنویر الیاس کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے اثاثوں کے گوشواروں کے مطابق ان کے نام، خاندان کے افراد اور مختلف کاروباری اداروں سے وابستہ متعدد جائیدادیں، سرمایہ کاری، بینک اکاؤنٹس اور دیگر مالی اثاثے ظاہر کیے گئے ہیں۔

تنویر الیاس 2021 کے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کے طور پر ایل اے 15 باغ-II سے قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔

18 اپریل 2022 کو وہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے 14ویں وزیرِ اعظم منتخب ہوئے۔ وہ عبد القیوم نیازی کے جانشین بنے، جن کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کے بعد انہوں نے وزارتِ عظمیٰ سے استعفیٰ دیا تھا۔

تاہم 11 اپریل 2023 کو ہائی کورٹ کی جانب سے توہینِ عدالت کے مقدمے میں انہیں قانون ساز اسمبلی کی رکنیت کے لیے نااہل قرار دیا گیا، جس کے بعد وہ وزارتِ عظمیٰ کے عہدے پر بھی برقرار نہ رہ سکے۔

تنویر الیاس 8 جون 2023 کو استحکام پاکستان پارٹی کے قیام کے وقت اس کے بانی ارکان میں شامل تھے اور 13 اگست 2023 کو انہیں آئی پی پی کے آزاد کشمیر چیپٹر کا صدر مقرر کیا گیا۔ انہوں نے 9 مارچ 2025 کو آئی پی پی سے علیحدگی اختیار کی۔

بعد ازاں 24 جون 2025 کو انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی، تاہم بعد میں پیپلز پارٹی سے بھی علیحدہ ہو گئے۔

اسلام آباد میں متعدد جائیدادیں

الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے گوشواروں کے مطابق تنویر الیاس اور ان کے خاندان سے منسوب اثاثوں میں اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں متعدد پلاٹس، مکانات، دفاتر، دکانیں اور کمرشل جائیدادیں شامل ہیں۔

گوشواروں میں ایف ایٹ فور اسلام آباد کے سٹریٹ نمبر 49 میں مکان، بلیو ایریا میں سردار مینشن کا حصہ، ایف 11 میں سردار آرکیڈ کے دفاتر اور جی 11 میں دکانوں کے علاوہ ڈی 12 کے مختلف سیکٹرز میں پلاٹس کا ذکر ہے۔

اسی طرح آرچرڈ سکیم اسلام آباد میں ایک پلاٹ کی مالیت 8 کروڑ 25 لاکھ روپے، جبکہ 40 کنال اراضی شاہ اللہ دتہ میں تقریباً ایک کروڑ 34 لاکھ روپے ظاہر کی گئی ہے۔

گوشواروں میں ڈی ایچ اے اسلام آباد، جی 9 مرکز، جی 11 مرکز، ایف 8/1 اور ڈپلومیٹک انکلیو میں بھی مختلف جائیدادیں ظاہر کی گئی ہیں۔

ایک جائیداد کے طور پر مکان نمبر 5، سٹریٹ نمبر 34، ایف 8/1 اسلام آباد کی مالیت تقریباً 20 کروڑ 77 لاکھ 99 ہزار روپے جبکہ ڈپلومیٹک انکلیو میں پلاٹ نمبر 4-11 کے ایک چوتھائی حصے کی مالیت تقریباً 15 کروڑ 40 لاکھ روپے ظاہر کی گئی ہے۔

سینٹورس اور دیگر کمرشل سرمایہ کاری

اثاثوں کے گوشواروں میں اسلام آباد کے سینٹورس مال سے متعلق مختلف حصص اور یونٹس بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔

گوشواروں کے مطابق سینٹورس میں مختلف جائیدادوں کی مالیت کروڑوں روپے میں ظاہر کی گئی ہے جبکہ مال آف اسلام آباد میں بھی تقریباً پانچ فیصد حصے کا ذکر موجود ہے۔

تاج ریزیڈنشیا، ایشین ٹریڈنگ سروسز، الشمس ہوٹل اور دیگر کاروباری منصوبوں میں سرمایہ کاری بھی گوشواروں کا حصہ ہے۔

راولاکوٹ میں 36 مرلہ کمرشل پلاٹ، جنداتی بازار میں کمرشل جائیداد اور دیگر زمینیں بھی اثاثوں میں شامل ہیں۔

پاکستان زیر انتظام کشمیر میں جائیدادیں

گوشواروں میں راولاکوٹ، باغ اور دیگر علاقوں میں بھی جائیدادوں کا ذکر ہے۔

راولاکوٹ میں پلاٹ، جندلہ میں تقریباً تین کنال 11 مرلے زمین، پانبولہ میں پلاٹ اور ریور ویو ریزیڈنسی باغ میں سات کنال کے ایڈوانس پلاٹ کی تفصیلات ظاہر کی گئی ہیں۔

راولاکوٹ میں مختلف ولاز کی مجموعی مالیت بھی گوشواروں میں درج ہے۔

بیرونِ ملک اثاثے

تنویر الیاس کے گوشواروں میں متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان میں ایک اپارٹمنٹ بھی ظاہر کیا گیا ہے، جس کی مالیت تقریباً 28 کروڑ 58 لاکھ روپے درج ہے۔

اس کے علاوہ بیرونِ ملک کرنسی میں بینک اکاؤنٹس اور مالیاتی اثاثوں کی تفصیلات بھی گوشواروں میں شامل ہیں۔

بینک اکاؤنٹس اور نقد رقم

اثاثوں کی تفصیل میں مختلف ملکی بینکوں میں اکاؤنٹس بھی ظاہر کیے گئے ہیں، جن میں الائیڈ بینک، بینک الفلاح، حبیب بینک، بینک آف آزاد جموں و کشمیر، نیشنل بینک، سلک بینک، فیصل بینک اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ شامل ہیں۔

گوشواروں میں بعض اکاؤنٹس میں لاکھوں اور کروڑوں روپے کے بیلنس ظاہر کیے گئے ہیں، جبکہ بعض اکاؤنٹس خاندان کے مختلف افراد کے نام پر درج ہیں۔

اس کے علاوہ امریکی ڈالر، برطانوی پاؤنڈ اور یورو میں موجود رقوم بھی ظاہر کی گئی ہیں۔ بعض اکاؤنٹس میں ڈالر کی رقم لاکھوں میں درج ہے، جبکہ ایک ٹی ڈی آر میں 20 لاکھ امریکی ڈالر کی رقم بھی ظاہر کی گئی ہے۔

کاروباری کمپنیوں میں سرمایہ کاری

گوشواروں میں مختلف کمپنیوں کے شیئرز اور سرٹیفکیٹس بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔

ان میں پاکستان گالف کمپنی، سردار بلڈرز، ارما مارکیٹنگ، سینٹورس ٹیلی کام، بیریئر سلوشنز، پرفیکشن کمپنی، رائل میٹرسز، ایکسٹرا کلین ڈٹرجنٹ اور دیگر کمپنیوں کے شیئرز شامل ہیں۔

اس کے علاوہ سردار بلڈرز کمپنی، الٹرا وائل کمپنی، آر اینڈ والی کمپنی، ارما مارکیٹنگ اور دیگر کاروباری اداروں سے قابلِ وصول رقوم بھی ظاہر کی گئی ہیں۔

گوشواروں کے مطابق مختلف کاروباری اداروں، ٹرسٹس اور افراد سے قابلِ وصول رقوم کی مالیت بھی کروڑوں روپے میں ہے، جبکہ کرائے کی مد میں قابلِ وصول رقم بھی ظاہر کی گئی ہے۔

خاندان اور زیرِ کفالت بچوں کی تعلیمی تفصیلات

اثاثوں کے گوشواروں میں تنویر الیاس کے زیرِ کفالت بچوں کے نام اور ان کے تعلیمی اداروں کی تفصیلات بھی درج ہیں۔

گوشواروں کے مطابق م۔۔۔ تنویر، ۔۔۔۔ تنویر، ۔۔۔۔ تنویر، ۔ تنویر، تنویر اور دیگر بچوں کی تعلیم کے لیے مختلف اداروں میں اخراجات ظاہر کیے گئے ہیں، جن میں آئی وی وائی کالج آف مینجمنٹ سائنسز، روٹس آئی وی وائی انٹرنیشنل اسکول، شیخ زید انٹرنیشنل اکیڈمی اور انٹرنیشنل اسکول آف اسلام آباد سوسائٹی شامل ہیں۔

گوشواروں میں ظاہر کیے گئے اثاثوں کی نوعیت

تنویر الیاس کے جمع کرائے گئے گوشواروں میں جائیدادوں کے علاوہ کاروباری سرمایہ کاری، کمپنیوں کے حصص، بینک اکاؤنٹس، غیر ملکی کرنسی، زیورات، فرنیچر، نقد رقم اور مختلف افراد و اداروں سے قابلِ وصول رقوم شامل ہیں۔

٭٭٭

Share this content: