مذاکرات کا راستہ کھلتے ہی ریاست نے پرانا کارڈ کھیل دیا، خواجہ مجتبیٰ بانڈے

جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کور ممبر خواجہ مجتبیٰ بانڈے نے کہا ہے کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی ایک پرامن عوامی حقوق کی تحریک ہے اور چھ ماہ کی جدوجہد، 150 سے زائد جانوں کے ضیاع، سینکڑوں زخمیوں اور ہزاروں گرفتاریوں و گمشدگیوں کے باوجود کشمیری عوام آج بھی پرامن دھرنوں میں بیٹھے اپنے مطالبات پر قائم ہیں۔

اپنے ایک بیان میں خواجہ مجتبیٰ بانڈے نے کہا کہ جب مذاکرات کا راستہ کھلنے لگا ہے تو ریاست نے ایک بار پھر اپنا پرانا کارڈ کھیل دیا ہے۔

ان کے مطابق مسلح گروہ کوئی بیرونی قوت نہیں بلکہ وہی عناصر ہیں جنہیں ماضی میں بھی ریاستی سرپرستی حاصل رہی ہے اور آج بھی انہیں ریاست کی مکمل آشیر باد حاصل ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان عناصر کو دوبارہ میدان میں اتارنے کا مقصد مذاکرات کے عمل کو سبوتاژ کرنا، حالات کو تشدد کی طرف دھکیلنا اور پرامن عوامی تحریک کو بدنام کرنا ہے۔

خواجہ مجتبیٰ بانڈے نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے بنیادی حقوق کے مطالبات سے دستبردار نہیں ہوں گے اور جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جدوجہد پرامن اور عوامی حقوق کے حصول تک جاری رہے گی۔

Share this content: