پنجیڑہ میں حالات کشیدہ، مظاہرین کا فورسز کو بوائز انٹر کالج خالی کرنے کا الٹی میٹم، فورسز کی شیلنگ اور فائرنگ

کاشگل نیوز ڈیسک:

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے ضلع کوٹلی کے علاقے پنجیڑہ میں حالات شدید کشیدہ ہو گئے ہیں، جہاں فورسز کی رہائش گاہ بننے والے بوائز انٹر کالج کو خالی کرانے کے لیے جمع ہونے والے پُرامن مظاہرین پر پاکستانی فورسز کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ اور فائرنگ کی جا رہی ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق پنجیڑہ اور کوٹلی کے عوام بڑی تعداد میں بوائز انٹر کالج پہنچ چکے ہیں، جہاں فورسز نے رہائش اختیار کر رکھی ہے۔

مظاہرین نے فورسز کو کالج کی عمارت اور علاقہ خالی کرنے کے لیے شام 6 بجے تک کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔

دوسری جانب پنجیڑہ اور سرساوہ کوٹلہ بوائز انٹر کالج کے باہر جمع ہونے والے پُرامن مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے فورسز کی جانب سے شدید شیلنگ اور فائرنگ کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، جس کے باعث علاقے میں شدید کشیدگی پھیل گئی ہے۔

علاوہ ازیں پنجیڑہ میں جاری عوامی احتجاج میں شرکت کے لیے گردونواح سے قافلوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

اطلاعات کے مطابق کلہ ٹہلیان کے قافلے پنجیڑہ کی حدود میں داخل ہو چکے ہیں، جبکہ پلندری سے روانہ ہونے والا ایک بڑا قافلہ بھی پنجیڑہ کی جانب رواں دواں ہے۔

علاقے میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہے اور عوام کی بڑی تعداد کالج کے باہر اور اطراف کے راستوں پر موجود ہے۔

Share this content: