اسرائیل و ایران کا ایک دوسرے پر بڑے حملوں کا دعویٰ

اسرائیل و ایران نے ایک دوسرے پر بڑے حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔

اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) کا دعویٰ ہے کہ اسرائیل نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایران کے خلاف تین بڑے حملے کیے ہیں۔

آئی ڈی ایف کے بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پہلا حملہ رات گئے کیا گیا جس میں اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے ’تہران میں تقریباً 40 اہداف‘ کو نشانہ بنایا جن میں ایک ’سنٹری فیوج بنانے کا مقام‘ بھی شامل تھی۔

دوسرا حملہ ’آج دوپہر سے شروع ہوا‘ اور اس میں ’تہران میں 20 فوجی اور سکیورٹی اہداف‘ کو نشانہ بنایا گیا۔

حملے کی تیسری لہر ’کچھ دیر قبل‘ شروع ہوئی جس میں مغربی ایران پر حملے کی جا رہے ہیں۔

آئی ڈی ایف کا دعویٰ ہے کہ ان کے لڑاکا طیارے ان افراد کو نشانہ بنا رہے ہیں جو پہلے نشانہ بننے والی سائٹس سے دوبارہ گولہ بارود نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

دوسری جانب ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ایران نے اسرائیل پر مزید میزائل حملے کیے ہیں۔ سرکاری میڈیا کا دعویٰ ہے کہ یہ میزائل اسرائیلی دفاعی نظام کو ناکام بناتے ہوئے اپنے اہداف تک پہنچنے میں کامیاب رہے ہیں۔

اسرائیلی فوج نے فی الحال اس حملے کی تصدیق نہیں کی،تاہم اس نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے ایران کی ایک میزائل سائٹ کو نشانہ بنایا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیلی دفاعی نظام عام طور پر اس پر داغے جانے والے زیادہ تر میزائلوں کو راستے میں ہی تباہ کر دیتا ہے۔

Share this content: