لبنان میں اسرائیلی حملے میں ڈاکٹرز اور نرسوں سمیت طبی عملے کے 12 ارکان ہلاک

جنوبی لبنان سے موصول ہونے والی رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملوں میں مزید ایسے اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے جن کا براہ راست حزب اللہ سے تعلق نہیں۔

لبنان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ برج قلعویہ قصبے میں ڈاکٹروں اور نرسوں سمیت طبی عملے کے کم از کم 12 ارکان اس وقت مارے گئے جب قصبے کے بنیادی صحت کی دیکھ بھال کے مرکز کو نشانہ بنایا گیا۔

اسرائیل نے سڑکوں اور پلوں سمیت دیگر شہری انفراسٹرکچر پر بھی بمباری کی ہے۔ اسرائیل نے جنوب میں انخلا زون کا حجم تقریباً دوگنا کر دیا ہے اور مزید لاکھوں افراد کو شمال کی طرف نقل مکانی کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

لبنان میں تناؤ بڑھ رہا ہے اور بظاہر اسرائیل اور حزب اللہ دونوں میں سے کوئی بھی پیچھے ہٹنے کو تیار نہی٘ں جس کے باعث یہ خوف پیدا ہو رہا ہے کہ تنازع طول پکڑ جائے گا۔

Share this content: