ایران کے اسرائیل پر جوابی حملے میں متعدد بیلسٹک میزائل اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب پر گرے ہیں جس سے متعدد عمارتیں تباہ ہوئی ہیں۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کے جوابی حملوں میں اسرائیل میں ایک خاتون ہلاک ہو گئی ہیں۔
اسرائیل کے امریکہ میں سفیر نے سی این این کو بتایا کہ ایک خاتون ہلاک ہوئیں اور ’تقریباً 40 افراد‘ زخمی ہوئے۔
ایرانی حکام کے مطابق اسرائیل میں ایران کے جوابی حملوں میں 3 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں جن میں سات اسرائیلی فوجی بھی شامل ہیں۔
ایران کے جوابی حملے کے بعد اسرائیل میں چالیس افراد کو ہسپتالوں میں طبی امداد دی جا رہی ہے جن میں دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ایران کی پاسداران انقلاب فورس کا کہنا ہے کہ اس نے اسرائیل پر 100 سے زائد میزائل داغے ہیں جبکہ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے داغے جانے والے میزائلوں کی تعداد 100 سے کم تھی۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے متعدد ایرانی میزائلوں کو فضا میں ہی ناکارہ بنا دیا ہے۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے گذشتہ روز کے اسرائیلی حملوں کے جواب میں دشمن کو ’کاری ضربیں‘ لگانے کا اعلان کیاتھا۔
نیویارک ٹائمز نے ایک اسرائیلی پولیس ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ خاتون کی موت ایک مضافاتی علاقے میں ہوئی۔ جمعے کی رات ایرانی میزائل حملے میں اس علاقے کو نشانہ بنایا گیا۔
ایران کے اقوام متحدہ میں سفیر کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں ایران میں 78 افراد ہلاک ہوئے جن میں اعلیٰ فوجی افسران بھی شامل ہیں جبکہ 320 سے زائد افراد زخمی ہوئے جن میں اکثریت عام شہریوں کی ہے۔
ایران اور اسرائیل کے درمیان سنیچر کی صبح فضائی حملوں کا تبادلہ ہوا جس کے دوران تل ابیب اور یروشلم میں ایئر ریڈ سائرن بجنے اور تہران میں کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں کے جواب میں ایران کی جانب سے تحمل سے کام لینے کے مطالبات ’غیر منصفانہ‘ ہیں۔
ٹیلی گرام پر ایک بیان میں سید عباس عراقچی نے برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے بارے میں بیان کیا۔
پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ نے برطانوی وزیر خارجہ کو بتایا کہ اسرائیل کے اقدامات سے ایران کی قومی خودمختاری کی خلاف ورزی ہوئی ہے اور انھوں نے اسرائیلی حکومت کی یورپی حمایت پر تنقید کی۔
انھوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایران کا جواب ’طاقتور‘ ہوگا۔