افغانستان و پاکستان مابین جھڑپیں: دونوں جانب 258 اہلکاروں کی ہلاکت کا دعویٰ

پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحد پرجھڑپوں کے نتیجے میں ایک متعدد اہلکاروں کی ہلاکتوں کا دعویٰ کیا جارہاہے۔

افغان حکام نے 58 پاکستانی فوجی اہلکاروں کی ہلاکت اور 25 چوکیوں پر قبضے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ دوسری جانب پاکستان نے 200 افغان اہلکاروں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔

افغانستان نے آج اتوار 12 اکتوبر کو کہا ہے کہ اس نے اپنی سرزمین اور فضائی حدود کی بار بار خلاف ورزیوں کے جواب میں رات بھر کی سرحدی کارروائیوں میں 58 پاکستانی فوجی ہلاک کر دیے ہیں۔

افغان حکومت کے ترجمان، ذبیح اللہ مجاہد نے کابل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ رات بھر جاری رہنے والی کی سرحدی جھڑپوں میں 58 پاکستانی فوجی ہلاک کر دیے گئے۔

افغان حکومت کے ترجمان، ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ افغان افواج نے 25 پاکستانی فوجی چوکیوں پر قبضہ کر لیا ہے، 58 فوجی مارے گئے ہیں، اور 30 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

مجاہد نے کابل میں ایک پریس کانفرنس میں کہا، افغانستان کی تمام سرکاری سرحدوں اور ڈی فیکٹو لائنوں پر صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے، اور غیر قانونی سرگرمیوں کو بڑی حد تک روکا گیا ہے۔

افغان حکومت کی وزارت دفاع نے اتوار کی صبح سویرے کہا کہ اس کی افواج نے سرحد کے ساتھ جوابی اور کامیاب کارروائیاں کی ہیں۔ طورخم بارڈر کراسنگ، جو دونوں ممالک کے درمیان دو اہم تجارتی راستوں میں سے ایک ہے، اتوار کو اپنے معمول کے وقت صبح آٹھ بجے نہیں کھولی گئی۔

وزارت نے مزید کہا کہ اگر مخالف فریق نے دوبارہ افغانستان کی علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کی، تو ہماری مسلح افواج ملک کی سرحدوں کا دفاع کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں اور ایک مضبوط جواب دیں گی۔

دوسری جانب پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ سنیچر کی شب افغان فورسز اور شدت پسندوں کے ساتھ جھڑپوں میں پاکستان کے سکیورٹی اہلکاروں سمیت 23 افراد مارے گئے ہیں جبکہ 29 فوجی زخمی ہوئے ہیں۔

اتوار کو جاری کیے گئے بیان میں آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ مصدقہ انٹیلی جنس اندازوں اور نقصانات کے تخمینے کے مطابق 200 سے زیادہ طالبان اور اس سے منسلک شدت پسندوں کو ہلاک کیا گیا ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی فورسز نے جوابی کارروائی میں طالبان کی پوسٹوں، کیمپوں، ہیڈکوارٹرز اور شدت پسندوں کے انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچایا جو پاکستان کے خلاف کارروائیوں میں استعمال ہو رہا تھا۔ پاکستانی فوج کا کہنا تھا کہ سرحد کے قریب افغانستان میں ’21 دشمن پوزیشنز اور دہشتگردوں کی ٹریننگ کے کئی کیمپس پر قبضہ کیا گیا اور انھیں غیر فعال بنایا گیا۔ انھیں پاکستان کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔‘

آئی ایس پی آر کے مطابق ’پاکستان کی مسلح افواج پاکستان کے عوام کی علاقائی سالمیت، جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ پاکستان کی علاقائی سالمیت کے دفاع اور ہماری سلامتی کے لیے خطرہ بننے والوں کو شکست دینے کا ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔‘

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی عوام تشدد اور جنگ بندی پر تعمیری سفارت کاری اور بات چیت کو ترجیح دیتے ہیں اور ’ہم پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کے غدارانہ استعمال کو برداشت نہیں کریں گے۔‘

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بیان میں کہا ہے کہ ’ہمیں یہ تشویش ہے کہ یہ سنگین اشتعال طالبان کے وزیر خارجہ کے دورہ انڈیا کے دوران پیش آیا ہے جو خطے میں دہشت گردی کا سب سے بڑا ’سپانسر‘ ہے۔‘

پاکستان کی فوج نے اپنے بیان میں طالبان حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین سے سرگرم دہشت گرد گروپوں جن میں تحریک طالبان پاکستان اور داعش شامل ہیں کے خاتمے کے لیے فوری اور قابل تصدیق اقدامات کرے۔ بصورت دیگر، پاکستان دہشت گردی کے اہداف کو مسلسل بے اثر کرکے اپنے عوام کے دفاع کے اپنے حق کا استعمال جاری رکھے گا۔

بیان کے مطابق طالبان حکومت کو چاہیے کہ وہ کسی بھی قسم کے ناجائز تصورات سے پرہیز کرے اور غیر ذمہ دارانہ ہنگامہ آرائی پر افغان عوام کی بھلائی، امن، خوشحالی اور ترقی کو ترجیح دے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ رات کا واقعہ پاکستان کے اس دیرینہ موقف کی تصدیق کرتا ہے کہ طالبان حکومت شدت پسندوں کی سہولت کاری کر رہی ہے۔ ’اگر طالبان حکومت خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لیے انڈیا کے ساتھ مل کر دہشت گرد تنظیموں کی سرپرستی کرتی رہی تو پاکستان کے عوام اور ریاست اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک افغانستان سے دہشت گردی کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔

Share this content: