راولپنڈی میں دو ڈرون مار گرائے گئے، افغان طالبان کا فوجی تنصیب کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

پاکستان کے سکیورٹی ذرائع کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد سے ملحقہ شہر راولپنڈی میں دو ڈرونز کو مار گرایا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق دونوں ڈرونز عام نوعیت کے تھے جنہیں الیکٹرانک آلات کی مدد سے ناکارہ بنا کر گرا دیا گیا۔ تاہم ذرائع نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ ڈرون کہاں سے آئے تھے اور ان کا ممکنہ ہدف کیا تھا۔

دوسری جانب افغان طالبان کی وزارتِ دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ افغان فورسز نے جمعہ کی شام فیض آباد کے قریب واقع اہم فوجی تنصیب حمزہ کیمپ کو نشانہ بنایا ہے۔

وزارتِ دفاع کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈرونز کے ذریعے وہاں موجود کمانڈ سینٹر اور دیگر اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جس سے کافی نقصان ہوا۔

ادھر اسلام آباد پولیس کے مطابق جمعہ کی شام شہر کے سیکٹر آئی-9 میں ایک ڈرون گرنے کی اطلاع کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی تھی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

Share this content: