روس پانچ سال کے اندر نیٹو ممالک پر حملہ کر سکتا ہے، نیٹو سربراہ کا انتباہ

مغربی فوجی اتحاد کے سربراہ نے ایک سخت نئی وارننگ میں کہا ہے کہ روس اگلے پانچ سالوں میں نیٹو کے کسی ملک پر حملہ کر سکتا ہے۔

مارک روٹے نے جرمنی میں ایک تقریر میں کہا کہ ’روس پہلے ہی ہمارے خلاف اپنی خفیہ مہم بڑھا رہا ہے۔ ہمیں اس جنگ کے لیے تیار رہنا ہوگا جو ہمارے اباؤ اجداد نے برداشت کی۔‘

انھوں نے مغربی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے روس کے ارادوں کے بارے میں بھی اسی طرح کے بیانات کی تائید کی، جنہیں ماسکو جنون قرار دیتا ہے۔

روٹے کی وارننگ اس وقت سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ روس کے یوکرین پر مکمل حملے کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں، جو فروری 2022 میں شروع ہوا تھا۔ اس ماہ کے شروع میں، روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے کہا کہ ان کا ملک یورپ کے ساتھ جنگ کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا، لیکن اگر یورپ چاہے یا جنگ شروع کرے تو وہ ’اب بھی‘ تیار ہے۔

لیکن ماسکو نے 2022 میں بھی اسی طرح کی یقین دہانیاں دیں، بالکل اس وقت جب 200,000 روسی فوجی سرحد عبور کر کے یوکرین پر حملہ کر چکے تھے۔

پوٹن نے یورپی ممالک پر الزام لگایا ہے کہ وہ یوکرین میں امن قائم کرنے کی امریکی کوششوں میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں۔ یہ اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ یوکرین کے یورپی اتحادیوں نے حال ہی میں امریکی امن منصوبے کو تبدیل کرنے کی کوشش کی، جس کا ابتدائی مسودہ روس کے حق میں سمجھا گیا تھا۔

لیکن نیٹو کے سیکرٹری جنرل نے جرمن دارالحکومت برلن میں کہا کہ پوتن مخلص نہیں تھے۔

انھوں نے مزید کہا کہ یوکرین کی حمایت یورپی سلامتی کی ضمانت ہے۔

’ذرا تصور کریں اگر پوتن اپنی مرضی منوا لیتا تو یوکرین روسی قبضے کے جوتے تلے ہے، اس کی افواج نیٹو کے ساتھ طویل سرحد پر دباؤ ڈال رہی ہیں، اور ہمارے خلاف مسلح حملے کے خطرے میں نمایاں اضافہ ہے۔‘

روس کی معیشت تین سال سے زیادہ عرصے سے جنگی حالت میں ہے اس کی فیکٹریاں ڈرون، میزائل اور توپ خانے کے گولے مزید فراہم کر رہی ہیں۔

کیل انسٹی ٹیوٹ فار دی ورلڈ اکانومی کی حالیہ رپورٹ کے مطابق، روس ہر ماہ تقریبا 150 ٹینک، 550 انفنٹری لڑاکا گاڑیاں، 120 لینسیٹ ڈرونز اور 50 سے زائد توپیں تیار کر رہا ہے۔

برطانیہ اور اس کے زیادہ تر مغربی اتحادی اس مقام کے قریب بھی نہیں ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مغربی یورپ کی فیکٹریوں کو روس کی بڑے پیمانے پر ہتھیاروں کی پیداوار کے قریب پہنچنے میں کئی سال لگیں گے۔

فرانس اور جرمنی دونوں نے حال ہی میں 18 سالہ نوجوانوں کے لیے رضاکارانہ فوجی خدمات کے نظام کو دوبارہ زندہ کرنے کی کوشش کی ہے۔

نام نہاد ’ہائبرڈ‘ یا ’گرے زون‘ جنگ، جس میں ایسے واقعات شامل ہیں جن کی اکثر تردید کی جا سکتی ہے، جیسے سائبر حملے، غلط معلومات اور نیٹو ممالک کے ہوائی اڈوں اور فوجی اڈوں کے قریب مبینہ ڈرونز کا حملہ، اس سال شدت اختیار کر رہی ہے۔ لیکن جتنی تشویشناک باتیں ہیں، یہ اس بحران کے مقابلے میں بہت کم ہیں جو روسی فوجی حملے سے پیدا ہوگا، خاص طور پر اگر اس میں علاقے پر قبضہ کرنا اور لوگوں کی ہلاکتیں شامل ہوں۔

نیٹو میں30 یورپی ممالک شامل ہیں اس کے علاوہ کینیڈا اور امریکہ بھی، جو اتحاد کے سب سے طاقتور فوجی رکن ہیں۔ ٹرمپ کے دباؤ میں، اس کے ارکان نے فوجی اخراجات بڑھانے کا وعدہ کیا ہے۔

نیٹو کے سربراہ نے کہا ہے کہ ’اتحادی دفاعی اخراجات اور پیداوار کو تیزی سے بڑھنا چاہیے، ہماری مسلح افواج کے پاس وہ سب کچھ ہونا چاہیے جو ہمیں محفوظ رکھنے کے لیے چاہیے۔‘

Share this content: