پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے بنوں میں پولیس چوکی پر مسلح افراد کے حملے میں پانچ اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہویدکی چوکی شیخ لنڈک پر شدت پسندوں کی جانب سے حملہ کیا گیا ہے۔ حملے میں پانچ پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔
واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری اور ایمبولنس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
چار زخمیوں کو بنوں ڈی ایچ کیو منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ ایک معمولی زخمی کانسٹیبل پوسٹ پر ہی موجود ہیں۔
پولیس کے مطابق چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں سے حملہ کیا گیا۔ تاہم پولیس اہلکاروں نے بھرپور جوابی کاروائی کی جس میں حملہ آوروں کو بھی جانی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
بنوں میں پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر موجود ہے اورسر چ آپریشن جاری ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ دنوں شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں ایک مدرسے کے قریب بارودی مواد کے دھماکے سے 2 بچے ہلاک اور پانچ بچیوں سمیت 15 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
مقامی پولیس اور انتظامیہ کے افسران نے بتایا ہے کہ میر علی کے قریب عیسوڑی دیہات میں اس وقت دھماکہ ہوا ہے جب بچے وہاں کھیل رہے تھے۔
میر علی سے ایک انتظامی افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ عیسوڑی کے مقام پر بچے کھیل رہے تھے جہاں انھیں بارودی مواد کا گولہ ملا جس سے دھماکہ ہوا ہے۔
میر علی کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر منیر نے بتایا ہے کہ ان کے ہسپتال میں ایک بچہ مردہ حالت میں لایا گیا جبکہ 16 زخمی تھے جن میں پانچ بچیاں بھی تھیں۔
ان میں بیشتر کی عمریں آٹھ سال سے 12 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔
اسی طرح مئی کے مہینے میں سکول جانے والے بچوں پر کواڈ کاپٹر حملے میں چار بچوں کی جان چلی گئی تھی اور ان کے والدہ سمیت چار بچے زخمی ہو گئے تھے۔
Share this content:


