پاکستان کے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان نے آٹھ فروری کو یومِ سیاہ کا اعلان کرتے ہوئے ملک گیر پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔
اتوار کے روز دو روزہ قومی مشاورتی کانفرنس کے بعد تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کانفرنس میں ملک بھر سے سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی، وکلا، صحافیوں اور مختلف طبقات نے شرکت کی۔
اعلامیے میں شفاف اور غیر جانبدار انتخابات، نئے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری، 8 فروری کے انتخابات میں دھاندلی کی آزادانہ تحقیقات، عدلیہ کی آزادی کی بحالی، آئین کی اصل روح کے مطابق ادارہ جاتی توازن، جسٹس طارق جہانگیری سمیت باضمیر ججز کے خلاف اقدامات کی مذمت اور سیاسی انتقام کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان نے بانی تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ سمیت تمام سیاسی اسیران، بلوچ اسیران اور لاپتہ افراد کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
اس کے علاوہ اعلامیے میں انسانی حقوق کی پامالی، خواتین پر تشدد، میڈیا سنسرشپ، پیکا قانون اور صحافیوں کے خلاف مقدمات کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
Share this content:


