نیٹو میری بدولت زندہ ہے، ورنہ تاریخ کے کوڑے دان میں ہوتا، ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ نیٹو فوجی اتحاد کے لیے کسی بھی شخص یا صدر نے اُن کی طرح کام نہیں کیا۔

ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا: ’اگر میں نہ آتا تو آج کوئی نیٹو نہیں ہوتا! یہ تاریخ کے کوڑے دان میں ہوتا۔ یہ افسوسناک ہے مگر سچ یہی ہے۔‘

یہ بیان اُن کی اس دھمکی کے بعد آیا ہے کہ اگر اتحادی گرین لینڈ کے حوالے سے اُن کے منصوبے کی مخالفت کریں تو وہ اُن پر ٹیرفز عائد کر سکتے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر سے اپنی بات دہراتے ہوئے کہا ہے کہ نیٹو کے لیے ان سے زیادہ کسی نے کام نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا ’میرا خیال ہے کہ زیادہ تر لوگ آپ کو یہی بتائیں گے۔ آپ نیٹو کے سیکریٹری جنرل سے بھی اس بارے میں پوچھ سکتے ہیں۔‘

ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکہ نیٹو پر خطیر رقم خرچ کرتا ہے اور انھیں یقین ہے کہ امریکہ ضرورت پڑنے پر نیٹو ممالک کی مدد کرے گا، تاہم انھوں نے اس بات پر شکوک کا اظہار کیا کہ آیا نیٹو بھی امریکہ کی اسی طرح مدد کرے گا یا نہیں۔

Share this content: