عباس پور/کاشگل نیوز
پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر کے علاقے عباس پور میں منعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کور ممبر سردار عمر نزیر نے کہا ہے کہ اب کی بار جو صورتحال بن رہی ہے وہ عارضی نہیں بلکہ مستقل اور دائمی تبدیلی کی طرف لے جانے والی ہے۔ یہ جدوجہد یہاں کے ظالمانہ اور منافقانہ نظام کو عملی طور پر بدلنے کے لیے ہے۔
انہوں نے کہا کہ انقلاب صرف نعروں سے نہیں آتے بلکہ اس کے لیے قربانیوں، جدوجہد اور کٹھن مراحل سے گزرنا پڑتا ہے۔ انقلاب کی پہلی شرط اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق پیدا کرنا ہے۔ گزشتہ 78 برسوں سے غلامی کو قبول کرنے والی سوئی ہوئی عوام کو شعوری اور فکری طور پر بیدار کرنا ضروری تھا، اور اب وہ مرحلہ آ چکا ہے جب عوام تبدیلی کے لیے مکمل طور پر بیدار ہو چکی ہے۔
سردار عمر نزیر نے کہا کہ بچے، بوڑھے اور نوجوان سب اب اس نظام کی حقیقت کو سمجھ چکے ہیں اور یہی شعور انقلاب کی بنیاد بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ رنگ برنگے پرچم اور مصنوعی تقسیمیں، جنہوں نے ہمیں قبیلوں، برادریوں، پارٹیوں اور نظریات میں بانٹ رکھا تھا، اب اپنی اہمیت کھو چکی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ تحریک کسی ایک جماعت، کسی مخصوص گروہ یا جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے چند ممبران کی نہیں بلکہ یہ پورے خطے کے مظلوم اور محکوم عوام کی اپنی تحریک ہے۔یہ آپ کی تحریک ہے، یہ ہماری اپنی تحریک ہے۔
اجتماع سے مخاطب ہو کر خطاب کے اختتام پر سردار عمر نزیر نے کہا کہ پنڈال میں موجود ہر فرد، ہمیں سننے والا ہر شخص اور پورے جموں و کشمیر کے عوام ہی دراصل جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی ہیں۔آپ سب عوامی ایکشن کمیٹیز ہیں۔
اجتماع میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور خطاب کے دوران نعروں اور تالیوں سے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
Share this content:


